جن مسلم ممالک کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات ہیں وہ فوری منقطع کریں، خواجہ آصف

جن مسلم ممالک کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات ہیں وہ فوری منقطع کریں، خواجہ آصف

پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلم اُمہ کو اسرائیل کے خلاف جامع اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اوراسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات رکھنے والے مسلم ممالک کو فوری اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب ، چین سمیت متعدد ممالک کی ایران پر ’اسرائیلی جارحیت‘ کی مذمت

ہفتہ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، ایران پاکستان کا انتہائی قریبی ہمسایہ ملک ہے، پاکستان ایران پر اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کرتا ہے اور اعلان کرتا ہے کہ پاکستان ہر طرح سے ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔

خواجہ آصف نے اسرائیلی جارحیت پر مسلم اُمہ کے درمیان اتحاد قائم نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ یہی وقت ہے کہ مسلم ممالک اسرائیل کے خلاف متحد ہو کر ایک جامع حکمت عملی تیار کریں، مسلم ممالک نے اگر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی نہ اپنائی تو کل سب کی باری آئے گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اسرائیل خطے کا بدمعاش بنا ہوا ہے، فلسطین میں نہتے اور معصوم بچوں کا قتل عام کر رہا ہے، اسرائیل ایک فلسطیینوں کی نسل کشی میں ملوث ہے۔ اس لیے مسلمان ممالک کا متحد ہونا وقت کا تقاضا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دفاع میں مضبوط ہوسکتے ہیں دُنیا نے دیکھا کہ آپریشن بنیان مرصوص سے پاکستان کا وقار بلند ہوا، بدقسمتی سے مسلم ممالک کا دفاع کمزور ہے، خواجہ آصف نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت پر فوری او آئی سی کا اجلاس بلا کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں:فلسطینی بچوں اور عورتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، پاکستان کی اسرائیلی جارحیت پر شدید مذمت

انہوں نے کہا کہ ایران ایٹمی پروگرام پر بات کر رہا تھا اور اس کا دعویٰ ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے، لیکن اس کے باوجود اسرائیل کی ایران پر جارحیت ناقابل فہم ہے، اسرائیل نے حملہ کیا اور جنگ بھی ابھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین، ایران، لبنان اور یمن کو ہدف بنا رکھا ہے، غیر مسلموں کے ضمیر جاگ رہے ہیں لیکن مسلمانوں کے نہیں جاگ رہے ہیں۔ ایسے ہاتھ کو جھٹک دینا چاہیے جو معصوم فلسطینی بچوں کے خون سے رنگے ہوئے ہوں، اس لیے جن مسلم ممالک کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات ہیں انہیں فوری طور پر اسرائیل سے اپنے سفارتی تعلقات ختم کر دینے چاہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مسلم دُنیا متحد نہ ہوئی اور اپنے ایجنڈے کے لیے اپنے طور پر کام کرتی رہی تو ایک دن ہوگا سب کی باری آئے گی۔ پاکستان ہر طرح سے ایران کے ساتھ کھڑا ہے، مسلم ممالک کو اسرائیل کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ ہم بین الاقوامی فورم پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے روز اول سے اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کیا، اب وقت ہے کہ مسلم ممالک ایسی حکمت عملی بنائیں جس سے اسرائیل کا مقابلہ کیا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *