ملک بھر میں آئندہ 24 گھنٹے موسم کیسا رہے گا ؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کر دی

ملک بھر میں آئندہ 24 گھنٹے موسم کیسا رہے گا ؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کر دی

ملک کے مختلف حصوں میں جاری شدید گرمی کے بعد محکمہ موسمیات نے موسم میں نمایاں تبدیلی کی پیش گوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے ایک مغربی موسمی نظام پاکستان کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث کئی شہروں میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نظام کے زیرِ اثر گرمی کی شدت میں کمی آئے گی اور شہریوں کو حالیہ گرمی کی لہر سے کچھ ریلیف ملے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول پشاور، مردان، سوات، دیر، چترال، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی بارش اور آندھی چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شمالی بلوچستان کے چند اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرد آلود ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم کراچی میں بارش کے امکانات کم ہیں اور وہاں گرم و مرطوب موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔

  یہ بھی پڑھیں :آج موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بڑی پیش گوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں تیز آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور انفراسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، کسانوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور موسمی صورتحال سے متعلق تازہ معلومات پر نظر رکھی جائے۔

editor

Related Articles