پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ، سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 42 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
ہنڈرڈ انڈیکس 1100 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 42 ہزار 174 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ بلندیوں کی نئی سطح پر پہنچ گئی جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 1644 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 41 ہزار 34 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 31 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے بتایا تھا کہ ’ہم نے ابھی پاکستان کے ساتھ ایک معاہدہ طے کیا ہے، جس کے تحت پاکستان اور امریکا مل کر پاکستان میں تیل کے وسیع ذخائر کو ترقی دیں گے، ہم اس وقت اُس آئل کمپنی کا انتخاب کرنے کے عمل میں ہیں جو اس شراکت داری کی قیادت کرے گی‘۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر عائد کردہ 25 فیصد محصولات کے مقابلے پاکستان کو رعایت دیتے ہوئے آج 19 فیصد ٹیرف عائد کیا، اس سے قبل پاکستان پر عائد محصولات کی شرح 29 فیصد تھی، نئے محصولات کا نفاذ 7 اگست سے ہوگا۔
عالمی تنقید اور کاروباری حلقوں کے خدشات کے باوجود، ٹرمپ دور کے محصولات تاحال امریکی تجارتی پالیسی کا اہم ستون بنے ہوئے ہیں۔