سیلابی صورتحال کے باوجود پاکستان میں سیمنٹ کی صنعت سے متعلق بڑی خوشخبری

سیلابی صورتحال کے باوجود پاکستان میں سیمنٹ کی صنعت سے متعلق بڑی خوشخبری

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اگست 2025 میں پاکستان کی سیمنٹ صنعت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کل ترسیلات (ڈسپیچز) 3.846 ملین ٹن تک پہنچا دیں، جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 12.45 فیصد زیادہ ہیں۔

مقامی سیمنٹ کی فروخت 3.097 ملین ٹن رہی، جو کہ اگست 2024 میں 2.807 ملین ٹن تھی، یوں  سالانہ بنیادوں پر 10.33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سیمنٹ کی برآمدات میں بھی نمایاں 22.13 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جو اگست 2024 میں613,857  ٹن سے بڑھ کر اگست 2025 میں 749,723  ٹن ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں سیمنٹ مزید سستا، فی بوری قیمت میں بڑی کمی

تاہم، ترقی کی رفتار جولائی 2025 میں کہیں زیادہ بہتر رہی، جب مقامی فروخت میں 18.61  فیصد سالانہ اضافہ جبکہ برآمدات میں84 فیصد کا زبردست اضافہ ہوا۔

علاقائی اعداد و شمار کے مطابق، جنوبی علاقوں سے برآمدات میں 32.30 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جو پچھلے سال 408,956 ٹن سے بڑھ کر 541,054 ٹن تک پہنچ گئیں۔ دوسری طرف، شمالی علاقوں کی برآمدات میں معمولی 1.84 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 204,901 ٹن سے بڑھ کر 208,669 ٹن ہو گئیں۔

جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ (جولائی-اگست) کے دوران، سیمنٹ کی کل ترسیلات 7.847 ملین ٹن رہی، جو کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 20.88 فیصد زیادہ ہیں۔

مزید پڑھیں:ملک کے مختلف شہروں میں سیمنٹ کی قیمت میں ملا جلا رجحان، کہیں سستا تو کہیں مہنگا

اے پی سی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اس وقت شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے، جس نے شہریوں کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیمنٹ پر ٹیکس کم کیے جائیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔

قدرتی آفات کے باوجود صنعت کی یہ کارکردگی ملک میں تعمیرِ نو اور ترقی کے لیے اس کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *