ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مری کے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور وہاں کے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی، دورے کے دوران ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی پبلک اسکول سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر طلبہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کبھی بھی پاکستانی نوجوانوں کو افواج پاکستان سے علیحدہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان وطن دشمن عناصر کے خلاف ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملکی دفاع میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
طلبہ نے مزید کہا کہ پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں اور یہ یقین دلایا کہ دشمن کی جتنی بھی کوششیں ہوں وہ نوجوانوں کو اپنی پاک فوج سے دور نہیں کر سکیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ سے گفتگو کے دوران ان کے جوش اور جذبے کو سراہا اور کہا کہ ملک کے نوجوان ہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں اور وہ ہمیشہ اپنے وطن اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ اس دورے کے دوران طلبہ و افواج کے درمیان موجودہ ملکی حالات اور نوجوانوں کی ذمہ داریوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔