وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خدمت اور فلاحِ انسانیت کا جذبہ ہماری تہذیب اور سماجی اقدار کی اصل روح ہے، جبکہ حالیہ سیلابی صورتحال نے امداد اور عطیات کی اہمیت کو پہلے سے کہیں زیادہ اجاگر کر دیا ہے۔
عطیات کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ عوام نے ہمیشہ رنگ، نسل اور تعصب سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔ ان کے مطابق ہر آزمائش کے وقت رضاکار اور فلاحی ادارے عملی اور مالی تعاون کے ذریعے پیش پیش رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو عطیات اور فلاحی خدمات کے حوالے سے دنیا میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ مخیر حضرات کی جانب سے مفت علاج، لنگر خانے اور ایمبولینس جیسی سہولیات عوامی خدمت کی روشن مثالیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور بیت المال جیسے منصوبے لاکھوں مستحق افراد کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں متاثرہ افراد خوراک، رہائش اور صحت کی سہولتوں کے منتظر ہیں جس سے امدادی سرگرمیوں کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، فوج اور عوام مل کر ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں سرگرم ہیں اور متاثرین کی بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔