پاکستان میں مئی 2026 شہریوں کیلئے غیر معمولی طور پر خوشگوار مہینہ ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ اس دوران متوقع سرکاری تعطیلات نہ صرف تعداد میں زیادہ ہیں بلکہ ان کی ترتیب بھی طویل وقفوں کی صورت اختیار کرتی نظر آ رہی ہے۔
ان تعطیلات کے باعث عوام کو آرام، سفر اور اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کا بہترین موقع ملنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق مئی 2026 میں مجموعی طور پر 11 سرکاری تعطیلات متوقع ہیں، جن میں دو مختلف مواقع پر مسلسل چھٹیوں کے سلسلے بننے کا امکان ہے ، ماہ کا آغاز یکم مئی کو یومِ مزدور سے ہوگا، جو ملک بھر میں سرکاری و نجی اداروں میں قومی سطح پر منایا جاتا ہے۔
اس سال یہ تعطیل جمعہ کے روز آ رہی ہے جس کے باعث ہفتہ اور اتوار کو شامل کر کے شہری مسلسل تین دن چھٹی کے مزے اڑائیں گے۔
تعطیلات کا دوسرا بڑا سلسلہ 26 سے 29 مئی کے دوران متوقع ہے تاہم اس کی حتمی تاریخ کا انحصار عیدالاضحیٰ کے چاند کے سرکاری اعلان پر ہوگا۔
موجودہ پیشگوئیوں کے مطابق عیدالاضحیٰ 27 مئی (منگل) کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ یومِ تکبیر 28 مئی (جمعرات) کو سرکاری تعطیل کے طور پر منایا جائے گا۔ اس کے بعد 29 مئی (جمعہ) کی چھٹی بھی اس سلسلے کو مزید طویل بنا سکتی ہے۔
اگر شہری 26 مئی (پیر) کو بھی چھٹی لے لیں تو یہ وقفہ مسلسل چھ دنوں پر محیط ہو سکتا ہے، جو ایک طویل تعطیلاتی موقع فراہم کرے گا۔
حکام کے مطابق عیدالاضحیٰ 2026 کی حتمی تاریخ کا اعلان ملک بھر میں رویتِ ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند دیکھنے کے بعد کیا جائے گا، اس دوران سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور بیشتر نجی کاروبار بند رہنے کا امکان ہے۔