یوم دفاع : فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس کا شہداء کو خراج عقیدت

یوم دفاع : فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس کا شہداء کو خراج عقیدت

پاک افواج سروسز چیفس کی جانب سے 60 ویں یوم دفاع کے موقع پر شہدا اور ان کے خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

فیلڈ مارشل آرمی چیف سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے افواج پاکستان کی جانب سے 60ویں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر بہادر شہداء اور ان کے خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سروسزچیفس نے 60ویں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 6ستمبر1965پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے کی علامت ہے۔

عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہیوں نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے، بہادر سپاہی قوم کی حمایت سے ناقابل تسخیر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے۔ بہادری نے ثابت کیا ایک متحد قوم کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی، ہمارے ہیروز کی ہمت اور بہادری آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

شہدا اور غازیوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، پاک افواج ہرقسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، کسی بھی جارحیت کابھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاک افواج بھرپور تعاون جاری رکھیں گی، افواج پاکستان نے ہمیشہ قدرتی آفات میں بھی پاکستانی عوام کاساتھ دیا۔

مسلح افواج پاکستان بھر میں سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی، مسلح افواج یوم دفاع و شہدا انتہائی سادگی کے ساتھ منائے گی۔ مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں، امن سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن وسلامتی اور استحکام عطا کرے (آمین)،پاکستان زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *