اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کا ذمہ دار بھارت ہے اور انہوں نے عالمی برادری سے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
سندھ طاس معاہدے اور پاکستان کے آبی بحران کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور بہت سے لوگ بے گھر ہوئے ہیں، اس لیے پانی کو کسی بھی قسم کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہوگی، انہوں نے واٹر سکیورٹی کو موجودہ دور کا بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے سندھ طاس معاہدے کے تحت کیے گئے اقدامات نے عالمی اعتماد کو نقصان پہنچایا ہے اور قانون کے مطابق بھارت کو ڈیٹا شیئر کرنا لازمی ہے۔
اسی اجلاس میں عاصم افتخار نے اسرائیل کے قطر پر حملے کی بھی مذمت کی اور اسے عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا، انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ قطر کا دورہ کیا اور اسرائیل کی جانب سے ثالثی مذاکرات میں دانستہ حملے کی مذمت کی۔
عاصم افتخار نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے پرامن اور سیاسی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔