سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کے ذریعے اب ایکس کی پوسٹس اور ویڈیوز کو براہِ راست انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ اسٹوریز میں شیئر کیا جا سکے گا۔
ایکس کے پراڈکٹ ہیڈنیکیتا بیر نے ایک پوسٹ کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی صارفین کے لیے مواد شیئر کرنے کے نئے طریقوں پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے اس موقع پرری ایکٹ ود ویڈیو (React with Video) نامی ایک نئے فیچر کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت صارفین کسی بھی پوسٹ پر ایپ کے اندر ہی ویڈیو ری ایکشن ریکارڈ کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کے ذریعے ہر پوسٹ کو ایک طرح کے کانٹینٹ کریئیشن اسٹوڈیو میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جہاں صارفین اپنے خیالات اور ردعمل کو زیادہ تخلیقی انداز میں پیش کر سکیں گے۔
نکیتا بیئر کا کہنا ہے کہ کمپنی فی الحال ایکس سے انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ اسٹوریز میں مواد شیئر کرنے کے دو مختلف طریقوں کی آزمائش کر رہی ہے۔ ان کے مطابق صارفین ٹائم لائن میں موجود ویڈیوز کو براہِ راست شیئر کر سکیں گے، جبکہ فل اسکرین ویو سے بھی پوسٹس اور ویڈیوز کو دیگر پلیٹ فارمز پر بھیجنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔
مزید یہ کہ صارفین کسی پوسٹ کو اپنے تبصرے یا ذاتی رائے کے ساتھ بھی شیئر کر سکیں گے، جس سے مواد کو زیادہ ذاتی اور انٹرایکٹو انداز میں پیش کرنا ممکن ہوگا۔
کمپنی نے بتایا کہ انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں خودکار طور پر واٹر مارک شامل ہوگا، تاکہ مواد کے اصل ماخذ کی شناخت برقرار رکھی جا سکے۔
فی الحال یہ نئے فیچرز محدود پیمانے پر آزمائے جا رہے ہیں اور ابتدائی طور پر صرف آئی فون استعمال کرنے والے منتخب صارفین کو دستیاب ہیں۔ کمپنی کی جانب سے فیچرز کے مکمل اور عالمی سطح پر اجرا کے بارے میں ابھی کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی۔