اگر آپ اسمارٹ فون پر گوگل میپس استعمال کرتے ہیں تو کمپنی کی جانب سے متعارف کرایا گیا نیا فیچر آپ کے لیے خاص دلچسپی کا باعث بن سکتا ہے۔
گوگل نے اپنی مشہور سروس اسٹریٹ ویو کی 15ویں سالگرہ کے موقع پر ایک اہم اپڈیٹ جاری کی ہے، جس کے تحت اب صارفین پرانی اسٹریٹ ویو تصاویر کو موبائل فونز پر بھی دیکھ سکیں گے۔
اس سے قبل یہ فیچر زیادہ تر ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس پر دستیاب تھا، تاہم اب چونکہ زیادہ تر صارفین اسمارٹ فونز استعمال کرتے ہیں، اس لیے اسے گوگل میپس کی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
نئے فیچر کے ذریعے صارفین یہ دیکھ سکیں گے کہ مختلف مقامات، گلیاں اور علاقے برسوں پہلے کیسے نظر آتے تھے۔ اس کے لیے صارف کو کسی بھی اسٹریٹ ویو امیج پر کلک کرکے سی مور ڈیٹس (See more dates) کا آپشن منتخب کرنا ہوگا۔
یہ فیچر دستیاب تصاویر کی بنیاد پر کام کرے گا، یعنی ہر جگہ کی پرانی تصاویر ہر وقت موجود نہیں ہوں گی۔ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ اضافہ نہ صرف دلچسپ ہے بلکہ تعلیمی اور معلوماتی لحاظ سے بھی اہم ہے، کیونکہ اس کے ذریعے شہری اپنے علاقوں میں آنے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔
صارفین اس فیچر کو کافی انوکھا اور پرلطف قرار دے رہے ہیں، کیونکہ اس کے ذریعے وہ اپنے اردگرد کے مقامات کو ماضی کی شکل میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔