پاکستان کے میزان بینک نے وزیرِ اعظم کے اپنا گھر ہاؤسنگ فنانس پروگرام کے تحت ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس کے ایزی ہوم فنانس منصوبے کے ذریعے جاری کیے گئے ہاؤسنگ قرضوں کی مجموعی مالیت ایک ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
بینک کے مطابق یہ کامیابی حکومتِ پاکستان کے اس وژن کی عملی تعبیر ہے جس کا مقصد کم اور متوسط آمدنی والے طبقات کو اپنے گھر کی ملکیت کا موقع فراہم کرنا اور ہاؤسنگ فنانس تک ان کی رسائی کو آسان بنانا ہے۔
میزان بینک کا کہنا ہے کہ وہ شریعت کے اصولوں کے مطابق فنانسنگ سہولیات فراہم کرتے ہوئے تنخواہ دار طبقے اور محدود آمدنی رکھنے والے خاندانوں کو گھر کی خریداری کے لیے مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ بینک کی جانب سے ملک بھر میں 350 سے زائد نامزد شاخوں کے ذریعے اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاؤسنگ فنانس کی خدمات فعال طور پر جاری ہیں۔
بینک انتظامیہ کے مطابق پروگرام کا بنیادی مقصد ایسے افراد اور خاندانوں کی معاونت کرنا ہے جو مالی وسائل کی کمی کے باعث اپنا گھر خریدنے کے خواب کو حقیقت کا روپ نہیں دے سکتے تھے۔ صارف دوست طریقہ کار اور شریعت کے مطابق فنانسنگ ماڈل کے ذریعے ہزاروں خاندانوں کے لیے رہائشی سہولیات کے حصول کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔
ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری نہ صرف تعمیراتی صنعت کو فروغ دیتی ہے بلکہ اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے اور ملک میں مالیاتی شمولیت کے عمل کو بھی تقویت ملتی ہے۔
میزان بینک کا یہ سنگِ میل اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ان اہداف کی تکمیل میں بھی معاون ثابت ہو رہا ہے جن کے تحت ملک میں سستے گھروں کی فراہمی، ہاؤسنگ فنانس کے فروغ اور باضابطہ مالیاتی نظام تک عوام کی رسائی کو بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
اگر بینکاری شعبہ اسی رفتار سے ہاؤسنگ فنانس کی سہولیات فراہم کرتا رہا تو نہ صرف رہائشی شعبے میں ترقی آئے گی بلکہ مجموعی قومی معیشت، روزگار اور عوام کے معیارِ زندگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔