فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 اکتوبر کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے “لیٹ فائلر” کیٹیگری میں شامل کر دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر ہے اور اس کے بعد کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔
حکام نے ٹیکس دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ آخری تاریخ سے پہلے اپنے گوشوارے مکمل اور درست طور پر جمع کرائیں۔
ایف بی آر حکام کے مطابق، جو افراد 15 اکتوبر کے بعد گوشوارے جمع کرائیں گے، وہ ’لیٹ فائلر‘ کیٹیگری میں شمار ہوں گے، جن پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح زیادہ لاگو ہوگی۔
ایف بی آر نے خبردار کیا ہے کہ گوشواروں میں غلط معلومات فراہم کرنے یا حقائق چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
محکمے کے مطابق، ایف بی آر کے پاس مختلف ذرائع سے حاصل کردہ ٹیکس ڈیٹا موجود ہے، جن میں شناختی کارڈ (CNIC)، اے ٹی ایم اور کریڈٹ کارڈ سے کی جانے والی خریداری کی تفصیلات، پاسپورٹ پر بیرونِ ملک سفر کا ریکارڈ، جائیداد (منقولہ و غیرمنقولہ) کی معلومات، اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے مہنگی گاڑیوں، جیپس اور موٹر سائیکلوں کا ڈیٹا شامل ہے۔
حکام نے مزید بتایا ہے کہ جعلی ناموں اور بے نامی داروں کے خلاف کارروائیاں 16 اکتوبر سے شروع کی جائیں گی۔