امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کی بھارت نے بڑی بھاری قیمت چکائی ہے ۔
معرکہ حق کی تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بھارتی جارحیت کے خلاف مؤثر اورناقابل فراموش قیادت فراہم کرنے پر سول اور فوجی قیادت کو دادِ تحسین پیش کیا گیا۔
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کی بھارت نے بھاری قیمت چکائی، عالمی اور علاقائی امن کے حوالے سے پاکستان کا کردار ہمیشہ کلیدی اہمیت کا حامل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ٹرمپ کے مشکور ہیں۔
علاوہ ازیں تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے بھی بھرپور شرکت کی اور ‘پاکستان ہمیشہ زندہ باد ‘ کے پرجوش نعرے لگائے اور ملی نغمے پیش کیے، نیویارک میں بھی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے بعد ایک سال میں عالمی سطح پر پاکستان ابھر کر سامنے آیا ہے، پاکستان عالمی سطح پر استحکام کا سبب بن رہا ہے۔
واضح رہے کہ یومِ معرکہ حق اس عزم کی تجدید قرار دیا جا رہا ہے کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا سخت اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔