پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، انتہائی مطلوب فتنہ الخوارج کمانڈر ساتھیوں سمیت ہلاک

پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، انتہائی مطلوب فتنہ الخوارج کمانڈر ساتھیوں سمیت ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے فتنہ الخوارج دہشتگردوں کے انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں نے 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب باجوڑ کے سرحدی علاقے میں دراندازی کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو بروقت شناخت کرتے ہوئے مؤثر کارروائی کی اور دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جن میں اہم خارجی کمانڈر امجد عرف مزاحم بھی شامل تھا۔

یہ بھی پڑھیں:شمالی وزیرستان: فتنہ الخوارج کی درندگی، بھتہ نہ دینے پر 6 افراد کو گاڑی میں جلا دیا

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والا امجد، خوارج کمانڈر نور ولی کا نائب اور بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کی رہبری شوریٰ کا سربراہ تھا۔ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ISPR Official (@isprofficial1)

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خارجی کمانڈر امجد افغانستان میں مقیم ہونے کے باوجود پاکستان کے اندر دہشتگرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور نگرانی کرتا رہا۔ وہ متعدد حملوں میں براہِ راست ملوث تھا جن میں معصوم شہریوں، سیکیورٹی اہلکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ فتنۃ الخوارج کی قیادت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دراندازی کی کوششوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ اپنے کمزور پڑتے نیٹ ورک کو مضبوط ظاہر کیا جا سکے اور باجوڑ و مہمند میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے باعث گرتے ہوئے حوصلے کو بحال کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ عبوری افغان حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف کسی دہشتگرد تنظیم کو استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ واقعہ ایک بار پھر اس مؤقف کی تصدیق کرتا ہے کہ افغان سرزمین مسلسل فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہی ہے۔

مزید پڑھیں:شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کی معصوم شہریوں پر خودکش حملے کی ناکام کوشش، 3 خواتین اور 2 بچے شہید، 4 دہشتگرد ہلاک

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘عزمِ استحکام’ کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی مہم جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر امجد سمیت 4 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کے ساتھ دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو اسی طرح عبرتناک انجام تک پہنچایا جاتا رہے گا۔ حکومت پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی پاک افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہادر فورسز نے بروقت کارروائی کرکے ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ قوم کو اپنے سیکیورٹی اہلکاروں کی جرات، پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں پر فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ عزم برقرار رہے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *