شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے سفاکیت کی انتہا کر دی۔ بھتہ نہ دینے پر دہشت گردوں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی اور بعد ازاں پٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی۔ اس بھیانک واقعے میں گاڑی میں سوار تمام چھ افراد زندہ جل کر جاں بحق ہو گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد عام شہری تھے جو اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ انتہائی وحشیانہ انداز میں کیا گیا۔ فائرنگ کے بعد دہشت گردوں نے پٹرول چھڑک کر گاڑی کو آگ لگائی، جس کے شعلے دور دور تک دکھائی دیتے رہے۔ اس دلخراش منظر نے علاقے کے مکینوں کو شدید خوف اور غم میں مبتلا کر دیا۔
مقامی لوگوں نے اس واقعے کو فتنہ الخوارج کی درندگی قرار دیتے ہوئے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ کسی قسم کا جہاد نہیں بلکہ کھلی درندگی ہے، جس میں معصوم شہریوں کو بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ فورسز کی جانب سے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔