قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو ابوظہبی ٹی 10 لیگ 2025 کے لیے نئی فرنچائز کوئٹہ کیولری کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ فرنچائز مینجمنٹ نے عامر پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ٹیم ایک متوازن اور جارحانہ کمبی نیشن کے طور پر میدان میں اترے گی۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب محمد عامر ٹی 10 فارمیٹ میں بطور کپتان ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق ان کا وسیع تجربہ، جارحانہ بولنگ اسٹائل اور میدان میں قائدانہ جذبہ کوئٹہ کیولری کو ایک مضبوط اور خطرناک ٹیم کے طور پر سامنے لائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرنچائز کے ترجمان نے کہا کہ، ’محمد عامر نہ صرف نئی گیند سے ٹیم کے لیے خطرناک بولر ثابت ہوں گے بلکہ نوجوان بولرز کے لیے رہنمائی کا اہم کردار بھی ادا کریں گے۔ ان کی موجودگی ڈریسنگ روم میں ٹیم کے حوصلے بلند رکھے گی۔‘
کوئٹہ کیولری نے اس سال ایک متوازن اسکواڈ تشکیل دیا ہے جس میں پاکستان اور بیرونِ ملک سے کئی باصلاحیت کرکٹرز شامل ہیں۔ ٹیم میں سکندر رضا، عباس آفریدی، محمد وسیم جونیئر، عرفان خان نیازی، خزیمہ بن تنویر اور عرفات منہاس جیسے کھلاڑی شامل ہیں، جو لیگ کے دوران اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کپتانی ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ، ’کوئٹہ کیولری کو میدان میں ایک فائٹنگ یونٹ کے طور پر پیش کریں گے۔ شائقین کو دلچسپ، تیز رفتار اور فیصلہ کن کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ ٹی 10 ایک ایسا فارمیٹ ہے جو کھیل کے ہر لمحے میں نیا موڑ لے کر آتا ہے، اور ہم پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج موجود ہے، جو کوئٹہ کیولری کو لیگ میں ایک بڑی قوت بنائے گا۔
’میرا فوکس یہ ہے کہ ٹیم ایک یونٹ کے طور پر کھیلے اور ہر میچ میں مثبت کرکٹ دکھائے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہمارا کھیل فینز کے لیے یادگار ثابت ہو۔‘
واضح رہے کہ ابوظہبی ٹی 10 لیگ 18 نومبر 2025 سے شروع ہوگی، جس میں دنیا بھر کے نامور کرکٹرز شرکت کریں گے۔ ٹورنامنٹ میں 8 فرنچائزز شامل ہیں، اور ہر ٹیم دس اوورز کے فارمیٹ میں تیز رفتار کرکٹ پیش کرے گی۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق محمد عامر کی کپتانی کوئٹہ کیولری کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ عامر کے پاس انٹرنیشنل کرکٹ کا وسیع تجربہ اور بڑے میچز کا دباؤ سنبھالنے کی صلاحیت موجود ہے۔
کرکٹ شائقین کو امید ہے کہ محمد عامر کی قیادت میں کوئٹہ کیولری لیگ میں شاندار کارکردگی دکھائے گی اور ابوظہبی ٹی 10 کے شائقین کو جارحانہ اور دلچسپ کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔