وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور جرائم کی شرح میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی مؤثر پالیسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہتر کارکردگی کے باعث شہروں کے ساتھ ساتھ دیہات میں بھی امن بحال ہو رہا ہےوزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بات ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، صوبے میں امن و امان کی صورتحال، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صفائی مہم ستھرا پنجاب صحت کے شعبے میں اصلاحات اور ٹرانسپورٹ کے بہتر نظام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور تیز رفتار ترقی مسلم لیگ (ن) کی بنیادی ترجیحات ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور انتظامیہ کو جدید وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے منصوبے اور سڑکوں کی بحالی نہ صرف عام شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں بلکہ روزگار کے مواقع اور صوبے کی معیشت کے استحکام میں بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔ مر
یم نواز نے زور دیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام محض صفائی کی مہم نہیں بلکہ یہ ایک نئے طرزِ زندگی اور مثبت معاشرتی رویوں کو فروغ دینے کی کوشش ہے۔
ملاقات میں شریک ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی متحرک قیادت میں پنجاب ایک پُرامن، صاف اور ترقی یافتہ صوبے کی شکل اختیار کر رہا ہے۔