میٹرک امتحانات 2026 کب ہوں گے؟ پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کی جانب سے شیڈول جاری

میٹرک امتحانات 2026 کب ہوں گے؟ پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کی جانب سے شیڈول جاری

پنجاب بھر کے تمام نو تعلیمی بورڈز نے سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے پہلے سالانہ امتحانات 2026 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق میٹرک کے امتحانات آئندہ سال 3 مارچ سے صوبے بھر میں ایک ساتھ شروع ہوں گے۔

صوبے کے تمام بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) جن میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور سرگودھا شامل ہیں اس مشترکہ شیڈول پر عمل کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:تعلیمی بورڈ لاہور نے انٹر پارٹ 2 کے نتائج کی تاریخ کا اعلان کردیا

تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے داخلہ فارم صرف آن لائن سسٹم کے ذریعے جمع کرائیں۔ کسی بھی صورت میں دستی فارم یا ہاتھ سے جمع کرائے گئے چالان قبول نہیں کیے جائیں گے۔ بورڈز نے واضح کیا ہے کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اپنی رجسٹریشن اور امتحانی کارروائی کے لیے متعلقہ بورڈز کی سرکاری ویب سائٹس سے رہنمائی حاصل کریں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام اسکولوں کو یہ پابند کیا گیا ہے کہ وہ طلبا کے آن لائن داخلہ فارم کی پرنٹ شدہ کاپیاں، بینک میں جمع شدہ فیس چالان کے ساتھ مقررہ وقت کے اندر متعلقہ بورڈز میں جمع کرائیں تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا تکنیکی خرابی سے بچا جا سکے۔

بورڈ حکام کے مطابق، آن لائن نظام کے نفاذ کا مقصد امتحانی عمل میں شفافیت، سہولت اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ڈیجیٹل داخلہ سسٹم سے نہ صرف طلبا اور اسکول انتظامیہ کو آسانی ہوگی بلکہ پورا امتحانی عمل زیادہ منظم اور مؤثر طریقے سے انجام دیا جا سکے گا۔‘ حکام نے مزید بتایا کہ امتحانات کے شیڈول، داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخوں اور فیس ڈھانچے کی تفصیلات جلد تمام بورڈز کی ویب سائٹس پر دستیاب ہوں گی۔

مزید پڑھیں:فیڈرل تعلیمی بورڈ کے کلاس 11 اور 12 کے سالانہ امتحان کے نتائج کو چیک کرنے کا طریقہ کار جانئیے

طلبا اور والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر آن لائن فارم جمع کرائیں تاکہ رول نمبر سلپس اور دیگر امتحانی کارروائیاں بروقت مکمل کی جا سکیں۔ بورڈز نے خبردار کیا ہے کہ تاخیر سے جمع کرائے گئے فارم یا غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں امیدواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق، تمام بورڈز نے امتحانی مراکز کی فہرستوں، اسٹاف کی تعیناتی، اور ڈیجیٹل ویری فکیشن سسٹم پر بھی کام شروع کر دیا ہے تاکہ امتحانات 2026 کو مکمل طور پر شفاف اور جدید انداز میں منعقد کیا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *