اسلام آباد کچہری دھماکے کے خودکش حملہ آور کی شناخت ہوگئی، سہولت کار بھی گرفتار

اسلام آباد کچہری دھماکے کے خودکش حملہ آور کی شناخت ہوگئی، سہولت کار بھی گرفتار

جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خودکش حملہ آور کی شناخت کرلی ہے، جس کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ حملے میں سہولت کاری کرنے والے باجوڑ کے رہائشی شخص کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار افراد کی نشاندہی پر سہولت کار کو آج صبح باجوڑ سے حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ حملہ آور کو اسلام آباد پہنچانے اور رہائش فراہم کرنے میں مقامی سہولت کار نے مدد کی تھی۔ سرچ آپریشن کے دوران مزید شواہد حاصل کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وانا کیڈٹ کالج حملہ، اسلام آباد خود کش دھماکہ، شواہد مل گئے ہیں، محسن نقوی

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 مشتبہ افراد کو بھی راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ زیرِ حراست افراد سے الگ الگ مقامات پر تفتیش جاری ہے تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ کس سہولت کار نے خودکش حملہ آور کو کس طرح کی مدد فراہم کی۔

دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وانا میں کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے تمام دہشتگرد بھی افغان شہری تھے اور اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق حملے کا حتمی حکم خارجی کمانڈر نور ولی محسود نے دیا تھا، جبکہ منصوبہ بندی خارجی زاہد نامی دہشتگرد نے تیار کی۔

رپورٹس کے مطابق دہشتگرد کارروائی کے دوران افغانستان سے دی جانے والی ہدایات پر عمل کر رہے تھے۔ حملے کی ذمہ داری جیش الہند کے نام سے قبول کی گئی، تاہم تفتیشی ادارے اس گروہ کے روابط اور مالی معاونت کے ذرائع کا بھی سراغ لگا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد خودکش حملہ آور دہشتگرد کہاں سے تھا؟، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بتا دیا

تحقیقات سے وابستہ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ حالیہ دہشتگرد حملوں میں افغان سرزمین کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اسلام آباد اور قریبی اضلاع میں مزید چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ دہشتگردی کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *