وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف عالمی سطح پر فرنٹ لائن ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے ،پاکستان کی سول و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے ، چیلنجز سے نمٹنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
’معرکۂ حق‘ کے حوالے سے انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر بے مثال قربانیاں دے چکا ہے ، بھارت اپنے داخلی مسائل اور ناکامیوں کا الزام پاکستان پر عائد کر کے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا، بھارت تحقیقات سے بھاگ گیا، پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر فرنٹ لائن ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس جنگ میں دی جانے والی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ’معرکۂ حق‘ میں پاکستانی قوم، افواج اور ریاستی اداروں نے مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا، بھارت میں دہشتگردی اس کا اپنا داخلی مسئلہ ہے، تاہم نئی دہلی حکومت ہمیشہ اپنی ناکامیوں اور داخلی بحرانوں کو بیرونی رنگ دے کر پاکستان پر الزامات عائد کرتی رہی ہے، بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت مسلط کی، لیکن پاکستان نے ذمہ داری، تدبر اور قومی یکجہتی کے ساتھ صورتحال کا مقابلہ کیا۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پہلگام واقعے کی تحقیقات کیے بغیر پاکستان پر الزام عائد کیا گیا، پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قربانیاں لازوال ہیں، ایک ایسا ملک پاکستان پر الزام لگا رہا ہے جو خود کینیڈا اور دیگر ملکوں میں سکھوں کے قتل میں ملوث پایا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا پاکستان میں پکڑے جانا بھارتی دہشت گرد ذہنیت کی واضح مثال ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر ایک عالمی اور بین الاقوامی تنازع ہے، جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا اور عالمی برادری کو اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستانی میڈیا کا کردار ذمے دارانہ تھا، معرکۂ حق کے دوران نوجوانوں نے سوشل میڈیا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔