پیٹرول اور ڈیزل سے متعلق بڑی خوشخبری، حکومت نے جون تک پیٹرول اور ڈیزل ذخیرہ کر لیا

پیٹرول اور ڈیزل سے متعلق بڑی خوشخبری، حکومت نے جون تک پیٹرول اور ڈیزل ذخیرہ کر لیا

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر پاکستان نے توانائی کے شعبے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے جون کے مہینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر محفوظ کر لیے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ عالمی یا علاقائی بحران کی صورت میں ملک میں ایندھن کی سپلائی متاثر نہ ہو۔

وزارتِ پیٹرولیم کے حکام کے مطابق جون کے لیے مجموعی طور پر 446 میٹرک ٹن خام تیل محفوظ کیا گیا ہے جبکہ 201 میٹرک ٹن ڈیزل کا بھی انتظام مکمل کر لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مقامی سطح پر 98 میٹرک ٹن پیٹرول حاصل کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس سے ملکی ضروریات کو جزوی طور پر پورا کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 18 میٹرک ٹن جیٹ فیول بھی ذخیرہ کر لیا گیا ہے تاکہ فضائی آپریشنز اور دفاعی ضروریات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اچھی خبرآ گئی، تیل کی قیمتیں گر گئیں

مزید بتایا گیا ہے کہ 12 دنوں کے لیے جے پی-8 فیول کے ذخائر بھی محفوظ کر لیے گئے ہیں جو بالخصوص دفاعی اور ہنگامی فضائی آپریشنز میں استعمال ہوتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ ذخائر کسی بھی غیر متوقع صورتحال میں فوری رسد کو یقینی بنانے کے لیے رکھے گئے ہیں۔

اسی طرح جون کے لیے 18 میٹرک ٹن ایل پی جی کا بھی بندوبست مکمل کر لیا گیا ہے جس سے گھریلو اور صنعتی صارفین کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ اقدامات کا مقصد توانائی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا اور عالمی منڈی میں کسی بھی بحران کے اثرات سے ملکی معیشت اور عوام کو محفوظ رکھنا ہے۔ وزارتِ پیٹرولیم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔

editor

Related Articles