پاکستان شاہینز کی ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں تاریخی کامیابی پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف سمیت قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور صوبائی نمائندوں نے بھرپور خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔
دوحہ میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز فائنل میں پاکستان شاہینز نے بنگلادیش اے کو سپر اوور میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، جس کے بعد ملک بھر میں مبارک بادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم، قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد رضوان، محمد نواز اور عثمان خان نے پاکستان شاہینز کو شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔
کھلاڑیوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھا کر ملک کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’آپ کامیابی کے حقدار تھے، آپ نے جیت کے لیے بہت محنت کی، شاندار رائزنگ اسٹارز، اسی طرح آگے بڑھتے رہو‘۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی ٹیم کی فتح کو پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’مبارکباد بوائز، آپ پاکستان کرکٹ کا روشن مستقبل ہو۔ سنسنی خیز مقابلے میں کامیابی حاصل کر کے آپ نے اپنی صلاحیت منوائی‘۔
ینگ شاہینز پاکستان کرکٹ کا روشن مستقبل، مائیک ہیسن
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پاکستان اے ٹیم کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، ینگ شاہینز پاکستان کرکٹ کا روشن مستقبل ہیں، جس جذبے اور شاندار انداز سے شاہینز اے نے کرکٹ کھیلی وہ یقیناً قابل ستائش ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے بھی پاکستان شاہینز کو تیسری مرتبہ ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا ٹائٹل جیتنے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے قوم کو ایک انمول تحفہ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہینز کی غیر معمولی مہارت، حوصلہ اور میچ کے دوران ثابت قدمی قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے بنگلادیش اے ٹیم کی بھی تعریف کی اور کہا کہ فائنل میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔
واضح رہے کہ فائنل میچ کا اصل مقابلہ برابر ہونے کے بعد فیصلہ کن مرحلہ سپر اوور میں گیا جہاں پاکستان شاہینز نے انتہائی عمدگی سے کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی مجموعی کارکردگی کو شائقینِ کرکٹ اور ماہرین نے سراہا ہے، جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کی یہ کامیابی مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے امید کی نئی کرن سمجھی جا رہی ہے۔