پنجاب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یکم فروری سے صوبے کے 15 محکموں کی 210 سرکاری خدمات ای بز پورٹل پر آن لائن دستیاب ہوں گی۔ اس اقدام سے شہری گھر بیٹھے ہی سرکاری سہولیات حاصل کر سکیں گے اور سرکاری دفاتر کے دوروں کی ضرورت کم ہو جائے گی۔
یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل گورننس پلان کا حصہ ہے جس کے تحت مارچ تک ای بز پورٹل پر دستیاب خدمات کی تعداد بڑھا کر 310 تک پہنچائی جائے گی۔ حکام نے کہا کہ اس توسیع سے شہریوں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے وسیع پیمانے پر سرکاری خدمات تک رسائی حاصل ہو گی۔
یہ فیصلہ ایڈمنسٹریٹو سیکریٹریز کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو سول سیکریٹریٹ میں چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں ای گورننس کے نفاذ کی رفتار کو تیز کرنے اور اس کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ مارچ تک 310 خدمات کو ای بز پورٹل پر شامل کرنے کا ہدف ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو یہ بھی ہدایت دی کہ فیلڈ دفاتر اور منسلک اداروں کو مرحلہ وار ای ایف او اے ایس نظام میں منتقل کیا جائے جس سے دفتری امور میں بہتری آئے گی اور کام کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔
زاہد اختر زمان نے کہا کہ انتظامی عمل کی ڈیجیٹلائزیشن سے شہریوں کو بار بار سرکاری دفاتر جانے کی ضرورت کم ہو گی کام کے طریقہ کار میں شفافیت آئے گی اور فیصلے جلد اور مؤثر انداز میں لیے جا سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای بز پورٹل شہریوں کے لیے سرکاری خدمات کو آسان اور قابل رسائی بنانے کا ایک اہم قدم ہے، جو صوبے میں ڈیجیٹل گورننس کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔