بھارت کے خلاف ناقص کارکردگی کے بعد قومی ٹیم کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو شائقین اور سابق کرکٹرز کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان محمد یوسف نے شاہین کی بولنگ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “اسے پہلا اوور دے دیں یا آخری، وہ مار ہی کھاتا ہے۔” انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہین کی جگہ سلمان مرزا کو موقع دیا جانا چاہیے تھا۔
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کے پاس نہ مطلوبہ رفتار رہی ہے اور نہ ہی سوئنگ، جبکہ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بھارتی آل راؤنڈرہاردیک پانڈیاکا ذکر کیا جو مؤثر سوئنگ کر رہے تھے۔
دوسری جانب شاہین آفریدی کے سسر اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی لیفٹ آرم پیسر کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
محمد یوسف نے مزید کہا کہ اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا تو شاید 100 رنز کے اندر ہی آؤٹ ہو جاتا، کیونکہ ابتدائی اوورز میں گیند گرِپ ہو رہی تھی۔ انہوں نے شاداب خان کی بولنگ حکمت عملی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آف اسٹمپ کے باہر “رونگ ون” زیادہ مؤثر ہو سکتی تھی۔
سابق کپتان نے کوچنگ اسٹاف کی حکمت عملی پر بھی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میچ میں واضح گیم پلان نظر نہیں آیا۔ ان کے مطابق تیاری اور حکمت عملی دونوں میں کمزوری دکھائی دی۔
قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کے بعد سلیکشن اور ٹیم کمبی نیشن پر بحث شدت اختیار کر گئی ہے، جبکہ آئندہ میچز میں تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کو ڈھیل دی جائے گی اور نہ ہی ڈیل دی جائے گی، البتہ تمام طبی ضروریات پوری کی جائیں گی: وزیر اطلاعات عطاء تارڑ