وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مصروف کاروباری علاقے بلیو ایریا میں دن دہاڑے بینک ڈکیتی کی واردات نے سیکیورٹی انتظامات پر سوالات کھڑے کر دیے جہاں مسلح افراد بینک اور سیکورٹی کے عملےکو یرغمال بنا کر 40 لاکھ لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق واردات اسلام آباد کے مصروف ترین کاروباری مرکز بلیو ایریا کی بینک الفلاح کی مرینا ہائٹس برانچ میں پیش آئی، جہاں چار مسلح ملزمان نے بینک میں داخل ہو کر عملے کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور چند ہی منٹوں میں تقریباً 40 لاکھ روپے نقد رقم سمیٹ کر فرار ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزمان انتہائی منظم انداز میں کارروائی کرتے ہوئے 2 سے 3 منٹ کے اندر موقع سے نکل گئے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ناکہ بندی کر دی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے اور ملزمان کی شناخت کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ مقدمہ درج کر کے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔
واقعے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں: باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی، 12 خوارج ہلاک

