امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان کے خدشے کے پیش نظر حکام نے ہنگامی انتباہ جاری کر دیا ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ طوفان اتوار کے روز مشرقی ساحل کے قریب پہنچ کر خطرناک نوعیت کے بم سائیکلون میں تبدیل ہو سکتا ہے، جس سے وسیع پیمانے پر برف باری اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس طوفان کے باعث بڑے شہروں کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہےپیش گوئی کے مطابق ان علاقوں میں ایک فٹ یا اس سے زائد برف باری ہو سکتی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی درہم برہم ہونے کا اندیشہ ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 2017 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ نیویارک سٹی کے لیے باقاعدہ برفانی طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جو اس طوفان کی شدت کو ظاہر کرتی ہے۔
ماہرین نے برفانی طوفان کی وارننگ مختلف ریاستوں اور جنوبی نیو انگلینڈ کے علاقوں تک جاری کر دی ہےموسمیاتی ماہرین کے مطابق فلاڈیلفیا سے نیویارک اور بوسٹن تک کے علاقوں میں شدید برف باری کے باعث نظامِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
تیز ہواؤں کی رفتار چالیس میل فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں درخت گرنے اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
علاوہ ازیں نیویارک، فلاڈیلفیا اور بوسٹن کے ہوائی اڈوں پر پروازوں کی آمدورفت متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہےحکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں صورتحال مزید واضح ہوگی، تاہم موجودہ پیش گوئی کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔