اقوام متحدہ نے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ تنازعات کو سفارت کاری اور مکالمے کے ذریعے حل کیا جائے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے ترجمان کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی فوجی نقل و حرکت، جنگی مشقوں اور بحری موجودگی خطے کے امن و استحکام کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
گزشتہ روز ایران نے اقوامِ متحدہ کو ایک خط ارسال کیا جس میں خبردار کیا گیا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ایران اپنے دفاع کا حق استعمال کرے گا اور اس کے نتائج کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔
ایرانی مؤقف کے مطابق خطے میں بڑھتی عسکری سرگرمیاں صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتی ہیں،ادھر رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ لڑاکا طیاروں سے لیس امریکا کا دوسرا بحرہ بیڑا بحیرۂ روم میں داخل ہو گیا ہے، جبکہ پرتگال میں امریکی فضائی اڈوں پر لڑاکا طیاروں نے پوزیشن سنبھال لی ہے۔