سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا، جو 7 فروری سے 8 مارچ تک سری لنکا اور بھارت کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔
آل راؤنڈر داسن شاناکا کو سابق چیمپیئن سری لنکا کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جس نے 2014 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کُسل مینڈس، کُسل جنیٹھ پریرا اور چرِتھ اسالنکا کو شامل کیا گیا ہے، جو بیٹنگ لائن اپ کی بنیاد ہوں گے۔
سابق کپتان وانندو ہسارنگا آل راؤنڈرز کے شعبے کو مزید مضبوط کریں گے، جن میں کامندو مینڈس اور دونتھ ویلللاج بھی شامل ہیں۔ فاسٹ بولنگ کی ذمہ داری دُشمنتھا چمیرا اور متھیشا پاتھیرانا کے سپرد ہو گی، جبکہ ماہییش تھیکشانا اسپن بولنگ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
سری لنکا کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے اور وہ اپنی مہم کا آغاز 8 فروری کو کولمبو میں آئرلینڈ کے خلاف کریں گے۔ اس کے بعد ٹیم پالے کیلے جائے گی جہاں وہ 12 فروری کو عمان اور 16 فروری کو آسٹریلیا کے خلاف اپنے اگلے گروپ میچز کھیلے گی۔ سری لنکا 19 فروری کو زمبابوے کے خلاف آخری گروپ میچ کے لیے دوبارہ کولمبو واپس آئے گی۔
دریں اثنا، سری لنکا اس وقت انگلینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ہوم ٹی 20 سیریز کھیل رہا ہے، جس میں مہمان ٹیم کو 2-0 کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔