گولڈ مارکیٹ غیر یقینی صورتحال کا شکار،ریکارڈ کمی کے بعد قیمتیں پھر بڑھ گئیں

گولڈ مارکیٹ غیر یقینی صورتحال کا شکار،ریکارڈ کمی کے بعد قیمتیں پھر بڑھ گئیں

عالمی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ تین روز کے دوران شدید فروخت کے دباؤ اور غیر یقینی صورتحال کے باعث سونے کی قیمتیں نمایاں طور پر کم ہو گئی تھیں، تاہم منگل کو مارکیٹ میں اچانک بہتری دیکھنے میں آئی اور قیمتوں میں دو فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے سرمایہ کاروں کو وقتی ریلیف ملا ہے۔

رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ 2.2 فیصد اضافے کے بعد 4,767.33 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جبکہ پیر کے روز سونا تقریباً ایک ماہ کی کم ترین سطح تک گر گیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ جمعرات کو عالمی مارکیٹ میں سونے نے 5,594.82 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ بلند ترین سطح کو چھوا تھا، تاہم اس کے بعد تین روز تک مسلسل مندی دیکھی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمتوں میں زبردست دھماکہ،تیسرے دن بھی ہزاروں روپے کی ریکارڈ کمی

اسی طرح اپریل ڈیلیوری کیلئے امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی نمایاں تیزی آئی اور قیمتیں 3 فیصد بڑھ کر 4,791.10 ڈالر فی اونس ہو گئیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ اضافہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ غیر معمولی اتار چڑھاؤ کے بعد گولڈ مارکیٹ دوبارہ نسبتاً متوازن سطح کی جانب بڑھ رہی ہے۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سونے کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال غالب رہی، جس کے باعث تیزی کے فوراً بعد شدید مندی دیکھنے میں آئی۔ تاہم موجودہ بحالی نے قیمتوں کو جنوری کے دوسرے نصف کے آغاز والی سطح کے قریب لا کھڑا کیا ہے۔ جنوری میں سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر تقریباً 13 فیصد اضافہ ہوا تھا، جو نومبر 2009 کے بعد سب سے بڑی ماہانہ بڑھوتری سمجھی جاتی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی حالات، مارکیٹ میں بڑھتا ہوا اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ آنے والے دنوں میں بھی گولڈ مارکیٹ میں غیر یقینی کیفیت کو برقرار رکھ سکتا ہے۔ سرمایہ کار اب قیمتوں کے اگلے رجحان کے تعین کیلئے عالمی معاشی اشاریوں اور مارکیٹ سگنلز پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *