سینئر صحافی سلمان مسعود نے سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان اختلافات سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھ ماہ کی مہلت کا بیانیہ چھ دن بھی نہیں چل سکا۔
انہوں نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس قسم کے دعوے حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
سلمان مسعود کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان اختلافات پیدا ہو چکے ہیں اور حکومت کو مبینہ طور پر چھ ماہ کی مہلت دی گئی ہے، تاہم یہ بیانیہ بہت جلد اپنی ساکھ کھو بیٹھا اور چند دنوں میں ہی دم توڑ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا صارفین اور بعض سیاسی کارکنوں کی جانب سے سیاسی و عسکری قیادت کے درمیان اختلافات سے متعلق بے بنیاد خبروں کو مسلسل پھیلایا جا رہا تھا۔ ان خبروں نے وقتی طور پر ایک بحث کو جنم دیا، تاہم ٹھوس شواہد کی عدم موجودگی کے باعث ان دعوؤں پر سوالات اٹھتے رہے۔
دوسری جانب ملک کے نامور صحافیوں، تجزیہ کاروں اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ان بے بنیاد خبروں کی مسلسل تردید کی جا رہی ہے۔ ان شخصیات کا کہنا ہے کہ اختلافات کا بیانیہ محض قیاس آرائیوں پر مبنی ہے اور زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔
صحافتی اور سیاسی حلقوں کے مطابق جیسے ہی یہ من گھڑت پروپیگنڈا شروع ہوا، ویسے ہی حقائق سامنے آنے پر بے نقاب ہو گیا۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کیا جانا چاہیے اور عوام کو چاہیے کہ مستند ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔