خاران آپریشن: دہشتگردوں کے خلاف کاروائی میں ایف سی نے اہم کردار ادا کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

خاران آپریشن: دہشتگردوں کے خلاف کاروائی میں ایف سی نے اہم کردار ادا کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے خاران واقعے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاران میں دہشتگردوں کے خلاف کیے گئے آپریشن میں فرنٹیئر کور (ایف سی) نے نہایت اہم اور مؤثر کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں ایک بڑی دہشتگرد کارروائی ناکام بنا دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ خاران میں 15 سے 20 دہشتگردوں نے ایک بینک میں داخل ہو کر لوٹ مار کی کوشش کی۔ ان کا منصوبہ شہر کے مختلف بینکوں کو نشانہ بنا کر مالی نقصان پہنچانا تھا۔ تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث دہشتگرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے۔

سرفراز بگٹی کے مطابق جب دہشتگرد کارروائی کے بعد فرار ہونے لگے تو مقامی لوگوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی نشاندہی کی، جس سے سیکیورٹی فورسز کو دہشتگردوں کا تعاقب کرنے اور مؤثر کارروائی میں مدد ملی۔ انہوں نے مقامی آبادی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام اور سیکیورٹی اداروں کے باہمی تعاون سے ہی دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتی جا سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ خاران آپریشن کے دوران 14 دہشتگرد مارے گئے، جن میں سے 12 دہشتگردوں کی ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خاران میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ، 12 دہشت گرد ہلاک، انتہائی مطلوب سمیت 3 اہم دہشت گرد گرفتار

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے خاران آپریشن میں حصہ لینے والے ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *