بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 12 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 3 اہم دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں ایک انتہائی مطلوب دہشتگرد بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے آغاز میں ہی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو موقع پر ہلاک کر دیا۔ ابتدائی جھڑپ کے بعد چند دہشتگرد عارضی طور پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان کا تعاقب جاری رکھا اور بعد ازاں ٹارگٹڈ کارروائی کے ذریعے انہیں بھی ہلاک کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے میں مجموعی طور پر 38 سے 40 دہشتگرد شامل تھے، جن میں بڑی تعداد غیر ملکی، خصوصاً افغان دہشتگردوں کی بتائی جا رہی ہے۔ مختلف مقامات پر ہونے والی جھڑپوں اور کاؤنٹر ٹیررزم کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 5 اہلکار زخمی ہوئے ہیں، تاہم کسی اہلکار کی شہادت کی اطلاع نہیں ہے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے اور یہ کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک تمام دہشتگرد عناصر کا مکمل خاتمہ نہیں کر لیا جاتا۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی تخریبی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔