نشتر ہال پشاور میں ذاتی پسند کی نمبر پلیٹس کی نیلامی منعقد کی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا اور کئی منفرد اور قیمتی نمبر پلیٹس بھاری رقوم میں فروخت ہوئیں،نجی ٹی وی کے مطابق اس نیلامی میں سب سے زیادہ توجہ وزیر 1 نمبر پلیٹ نے حاصل کی جو ایک کروڑ 50 لاکھ روپے کی بلند ترین بولی پر فروخت ہوئی اور یہ نمبر پلیٹ اس نیلامی کی سب سے مہنگی پلیٹ ثابت ہوئی۔
اسی طرح آفریدی 1 نمبر پلیٹ بھی مہنگی ترین پلیٹس میں شامل رہی جس پر ایک کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے کی بولی لگی یہ نمبر پلیٹ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے خریدی۔خان 1 نمبر پلیٹ پر بھی نمایاں بولی دیکھی گئی اور یہ ایک کروڑ 11 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی، جسے رکن صوبائی اسمبلی نیک محمد خان نے حاصل کیا۔
نیلامی میں دیگر قیمتی نمبر پلیٹس میں پشاور 1 ایک کروڑ روپے میں جبکہ ہری پور 1 نمبر پلیٹ 80 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی۔ مزید برآں یوسفزئی 1 کو 49 لاکھ 20 ہزار روپے اور درانی 1 کو 16 لاکھ 60 ہزار روپے میں خریدا گیا۔ ملاکنڈ 1 نمبر پلیٹ ساڑھے 12 لاکھ روپے میں اور صوابی 1 نمبر پلیٹ 12 لاکھ روپے میں فروخت کی گئی،نیلامی کے منتظمین نے بتایا کہ ذاتی پسند کی نمبر پلیٹس کی یہ نیلامی شہریوں کے لیے شفافیت اور آسانی کے اصول کے تحت منعقد کی گئی تھی تاکہ سب کو بولی میں حصہ لینے کا موقع مل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہا کہ آئندہ نیلامیاں آن لائن بولی کے ذریعے منعقد کی جائیں گی، جس سے زیادہ سے زیادہ افراد اپنی پسندیدہ نمبر پلیٹس حاصل کر سکیں گے،اس موقع پر شرکاء نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات شفافیت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ شہر میں خصوصی اور منفرد نمبر پلیٹس کی قدر میں اضافہ کرنے کا بھی سبب بنتے ہیں نیلامی میں حاصل ہونے والی رقوم کو صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں استعمال کیا جائے گا۔
یہ نیلامی پشاور میں ذاتی پسند کی نمبر پلیٹس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور شہری دلچسپی کا واضح مظہر تھی اور آئندہ مرحلے میں آن لائن بولی کے ذریعے اس عمل کو مزید آسان اور شفاف بنایا جائے گا تاکہ ملک بھر کے شہری اس میں شامل ہو سکیں۔