ڈنمارک کے وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ گرین لینڈ پر حملے کی صورت میں گولی پہلے ماریں گے سوال بعد میں پوچھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع ڈنمارک نے گرین لینڈ پر حملے کی صورت میں امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حملہ ہوا تو مسلح افواج احکامات کا انتظار کیے بغیر فوری جواب دیں گی، گرین لینڈ ڈنمارک کے اندر ایک خود مختار علاقہ ہے۔
اس سے قبل 7 یورپی ممالک نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ گرین لینڈ کے معاملے پر فیصلہ کرنے کا حق صرف گرین لینڈ اور ڈنمارک کو حاصل ہے۔
قبل ازیں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے گرین لینڈ کے معاملے پر یورپی رہنماؤں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یورپ نے گرین لینڈ کی سکیورٹی کو سنجیدہ نہ لیا تو امریکا کارروائی کر سکتا ہے۔
امریکی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ گرین لینڈ عالمی میزائل دفاع کیلئے نہایت اہم ہے، بعض مخالف طاقتوں نے گرین لینڈ میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوجی بجٹ کو 50 فیصد اضافے کے ساتھ 1.5 کھرب ڈالر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ملک کو انتہائی مشکل اور خطرناک حالات کا سامنا ہے، اس لئے دفاعی اخراجات کو 2027 تک ایک اعشاریہ پانچ کھرب ڈالر تک کیا جائے، یہ بجٹ موجودہ 901 ارب ڈالر سے 50 فیصد زیادہ ہوگا، جس کی امریکی کانگریس نے گزشتہ سال دسمبر میں منظور ی دی تھی۔