نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے مختلف اقسام کے سرٹیفکیٹس کے حصول کو پہلے کے مقابلے میں مزید آسان بنا دیا ہے۔
اس پیش رفت کے تحت اب لوگ اپنی روزمرہ زندگی کے اہم ترین واقعات کے سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کے لیے لمبی قطاروں، بار بار کے چکر اور اضافی وقت کے ضیاع سے بچ سکیں گے۔
نادرا اور محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت یونین کونسل سے پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کا آن لائن اجرا ممکن ہو سکے گا۔ اس معاہدے پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد اور نادرا لاہور ریجن کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ فضہ شاہد نے دستخط کیے۔ معاہدے کا بنیادی مقصد شہریوں کو ایک ایسی سہولت فراہم کرنا ہے جو انہیں گھر بیٹھے اپنے اہم سرٹیفکیٹس حاصل کرنے میں مدد دے۔
معاہدے کے مطابق پنجاب کی تمام یونین کونسلز میں زندگی کے بنیادی اور اہم واقعات کا اندراج، تصدیق اور سرٹیفکیٹس کا اجرا نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ممکن ہوگا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ شہری اپنے گھر سے نکلے بغیر، صرف موبائل ایپ استعمال کرکے پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق کے سرٹیفکیٹس بنوا سکیں گے۔ یہ سہولت نہ صرف وقت کی بچت کرے گی بلکہ عوام کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بھی نجات دلائے گی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس سے قبل بائیو میٹرک تصدیق کا نظام بھی مزید بہتر بنایا گیا تھا اور شہری اپنی بائیو میٹرک توثیق قریبی کسی بھی مقررہ مرکز جا کر مکمل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مکمل کیا جا سکتا ہے، جس سے درخواست کا پورا طریقہ کار مزید آسان ہو گیا ہے۔
نادرا کی جانب سے فراہم کی گئی اس نئی سہولت کے باعث شہریوں کے لیے مختلف سرٹیفکیٹس کا حصول پہلے کی نسبت بہت سہل ہو گیا ہے۔ اب لوگ اپنے متعلقہ نادرا دفاتر یا کسی بھی سہولت مرکز میں باآسانی درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ آن لائن سسٹم کے ذریعے وہ گھر بیٹھے تمام مراحل مکمل کر کے مطلوبہ دستاویز حاصل کر سکیں گے۔ یہ اقدام شہری خدمات میں تیزی اور بہتری کی سمت اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔