امریکا میں خوفناک شدت کا زلزلہ، برفانی پہاڑ بھی لرز اٹھے

امریکا میں خوفناک شدت کا زلزلہ، برفانی پہاڑ بھی لرز اٹھے

امریکی ریاست الاسکا کے پہاڑی اور برف پوش خطے یاکوٹیٹ میں گزشتہ شب ’7.0 شدت‘ کا طاقتور زلزلہ محسوس کیا گیا، جس نے پورے علاقے کو شدید ہلا کر رکھ دیا۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی گہرائی ’صرف 10 کلومیٹر‘ تھی، جس کے باعث جھٹکے سطح زمین پر حد سے زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کیے گئے۔ مقامی وقت کے مطابق زلزلہ رات گئے آیا اور اس کے اثرات کئی سیکنڈز تک جاری رہے۔

یہ بھی پڑھیں:چین میں 6.1 شدت کا خوفناک زلزلہ، عمارتیں لرز اٹھیں

عینی شاہدین کے مطابق جھٹکوں کے دوران ’برف پوش چوٹیاں لرز اٹھیں‘ اور دور دراز گھاٹیوں سے ’برفانی تودوں کے گرنے‘ کی گونج سنائی دیتی رہی۔ یاکوٹیٹ کا یہ خطہ الاسکا اور کینیڈا کی سرحد کے قریب واقع ہے اور یہاں آبادی انتہائی کم ہے، تاہم زلزلے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات اور سڑکوں کا رخ کیا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک کسی بڑے جانی نقصان یا تباہی کی اطلاع نہیں ملی، تاہم پہاڑی سلسلوں میں برفانی تودوں کے گرنے کے بعد امدادی ٹیمیں علاقے کا جائزہ لے رہی ہیں۔ شدید سرد موسم، برف اور دور دراز جغرافیائی محلِ وقوع کے باعث معلومات کے حصول میں تاخیر کا سامنا ہے۔

سونامی کی صورتحال کے حوالے سے الاسکا زلزلہ سینٹر اور پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے کہا ہے کہ زلزلے کے بعد ’سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی‘، تاہم انہوں نے خبردار کیا ہے کہ کچھ ساحلی علاقوں میں ’چھوٹی لہریں‘ اٹھنے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔ ماہرین کے مطابق کم گہرائی کے زلزلے عموماً زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس جھٹکے کے اثرات دور دور تک محسوس کیے گئے۔

مزید پڑھیں:افغانستان میں 6.3 شدت کا زلزلہ : عمارتیں منہدم ، 20 افراد جاں بحق

زلزلہ پیما مراکز کے مطابق الاسکا اس سے قبل بھی بڑے زلزلوں کا سامنا کر چکا ہے، کیونکہ یہ خطہ بحرالکاہل کی ’رِنگ آف فائر‘ پر واقع ہے جہاں زمین کی ٹیکٹونک پلیٹیں مسلسل حرکت میں رہتی ہیں۔ مقامی حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آفٹر شاکس کے خطرے کے پیشِ نظر احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں حفاظتی اداروں سے رابطہ کریں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *