اڈیالہ کا قیدی ’ایم کیو ایم‘ پارٹ ٹو بن چکا ہے، عظمیٰ بخاری

اڈیالہ کا قیدی ’ایم کیو ایم‘ پارٹ ٹو بن چکا ہے، عظمیٰ بخاری

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف اور اس کی قیادت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اڈیالہ کی دیواروں نے ایک شخص کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، دھمکیاں دینے والا آج مظلوم بن بیٹھا ہے‘۔ ’فتنہ کی سیاست اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے‘ اور ملک مزید کسی غیر ذمہ دارانہ طرزِ سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے اور ملک کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا‘۔

یہ بھی پڑھیں:جیل میں قیدیوں سے ملاقاتیں کروانے سے وزیراعلیٰ پنجاب کا کوئی لینا دینا نہیں، عظمیٰ بخاری

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے دورِ حکومت میں مخالفین کو دھمکیاں دیتے تھے اور آج اپنی ہی کہی باتوں کی زد میں آ چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’بانی پی ٹی آئی کی ذہنی کیفیت کا معائنہ ہونا چاہیے اور پنجاب حکومت ذہنی مریض کے لیے خصوصی میڈیکل ٹیم تشکیل دے‘۔

اڈیالہ کا قیدی بانی ایم کیو ایم پارٹ ٹو بن چکا

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کبھی ہاتھ منہ پر پھیر کر دھمکیاں دیتے تھے کہ ’چھوڑوں گا نہیں‘ اور آج خود کو مظلوم بنا کر پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’اڈیالہ کا قیدی بانی ایم کیو ایم پارٹ ٹو بن چکا ہے‘ اور اب وہی رویہ اختیار کر رہا ہے جو کبھی وہ دوسروں پر تنقید کے طور پر استعمال کرتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ایک نیوز کانفرنس کی وجہ سے پی ٹی آئی والوں کی دم پر پاؤں آیا ہے، دوسروں کو پاگل کہنے والا خود پاگل ہے‘۔

پی ٹی آئی نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا، پرفارمنس صفر ہے

صوبائی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کی کوئی گورننس پرفارمنس نہیں، تم کل بھی پاکستان کے خلاف تھے، آج بھی خلاف ہو‘۔ عظمیٰ نے مزید کہا کہ ’کھلاڑیوں نے ورلڈکپ جیتا تھا، لیکن یہ شخص اکیلا اس کا مالک بنا بیٹھا ہے‘۔ اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی کا اپنا تعلیمی ادارہ آج بھی ’چندے پر چل رہا ہے‘۔

مزید پڑھیں:پنجاب حکومت وفاق کیخلاف سازش کر رہی ،شرجیل میمن، بلیک میل کرنا آپ کا طرہ امتیاز ہے،عظمیٰ بخاری

آر ٹی ایس بٹھا کر وزیراعظم بنے

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’آر ٹی ایس بٹھا کر وزیراعظم بنے اور پاکستان پر مسلط رہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ہمیں بھی اسٹیبلشمنٹ سے شکوے رہے، لیکن کبھی پاکستان کو نقصان پہنچانے کے بارے میں سوچا تک نہیں‘۔ مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے اپنے لیے ’ریڈ لائن‘ کی اصطلاح مضحکہ خیز ہے، ’پاکستان میں صرف ایک ریڈ لائن ہے اور وہ یہ ملک ہے‘۔

سہیل آفریدی کچھ نہیں پتا

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 5 ہزار 300 ارب روپے کی کرپشن کا بیانیہ تراشا، لیکن ’آئی ایم ایف کی کسی رپورٹ میں کرپشن کا ذکر تک نہیں‘۔ انہوں نے سہیل آفریدی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’سہیل آفریدی کو یہ بھی نہیں پتہ کہ 5 ہزار 300 ارب روپے ہوتے کتنے ہیں، وہ بھی دوسروں کی بات سن کر یہی جملہ دہراتے رہے‘۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ 13 برس میں کوئی نمایاں پبلک ویلفیئر منصوبہ نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ میں رشوت ستانی کی شرح کم بتائی گئی، 66 فیصد لوگوں نے کہا کہ سرکاری کاموں میں رشوت دینے کی ضرورت نہیں پڑی‘، جو اس بیانیے کی نفی ہے کہ ملک میں کرپشن بڑھ گئی ہے۔

جھوٹے انقلابیوں کا انقلاب سے کوئی تعلق نہیں

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’جھوٹے انقلابیوں کا انقلاب سے کوئی لینا دینا نہیں، فتنہ کی سیاست اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک دشمنی کو ’تلخی‘ کا نام دیا، جبکہ حقیقت میں یہ رویہ قومی مفاد کے منافی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نوے دن میں آر یا پار، بات فیصلہ سازوں سے ہوگی،گنڈاپور بات سیاسی قوتوں سے ہی ہوگی ،عظمیٰ بخاری

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے بات چیت کی دعوت دی لیکن بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ’میں نے سیاسی لوگوں سے بات کرنی ہی نہیں‘، اور ان کے حامی انہیں صادق اور امین کہتے ہوئے بھی ’شرم محسوس نہیں کرتے‘۔

پی ٹی آئی کے لوگ خود کہتے ہیں کہ اس شخص نے ہمیں مروادیا

آخر میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ موجودہ حکومت تسلیم کرتی ہے کہ ہر ادارے میں اصلاحات کی ضرورت ہے اور یہ عمل جاری ہے، لیکن پی ٹی آئی کے دعوے حقیقت کے برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی میں بھی بہت سے لوگ نجی محافل میں کہتے ہیں کہ اس آدمی نے ہمیں بھی مروادیا‘۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *