انڈر 19 ایشیا کپ کا بڑا مقابلہ، پاکستان کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

انڈر 19 ایشیا کپ کا بڑا مقابلہ، پاکستان کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

ایشین کرکٹ کونسل ’اے سی سی‘ انڈر 19 ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں بڑا اور سنسنی خیز ٹاکرا شروع ہو چکا ہے، جہاں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور خود فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

میچ کے آغاز سے قبل بارش کے باعث صورتحال غیر یقینی کا شکار رہی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان انڈر 19 ایشیا کپ کا یہ اہم میچ بارش اور گیلا آؤٹ فیلڈ ہونے کے باعث تاخیر سے شروع ہوا، جس کی وجہ سے مقررہ وقت پر ٹاس نہیں ہو سکا۔ پانچویں میچ کا ٹاس ساڑھے 9 بجے ہونا تھا، تاہم موسم کی خرابی کے باعث ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کے بعد ٹاس ممکن ہو سکا، جو پاکستان نے جیت لیا۔

یہ بھی پڑھیں:انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں ایونٹ میں زبردست فارم میں ہیں اور اپنے اپنے پہلے میچ جیت چکی ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے دو، دو پوائنٹس ہیں، جس کے باعث یہ مقابلہ گروپ کی برتری کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 297 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کر رہے ہیں، جبکہ پلیئنگ الیون میں عثمان خان، سمیر منہاس، علی حسن بلوچ، احمد حسین، حمزہ ظہور، حزیفہ احسن، نقاب شفیق، دانیال علی خان، محمد صیام اور علی رضا شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم متوازن بیٹنگ اور مضبوط بولنگ کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔

مزید پڑھیں:انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ ، بھارت نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

بھارتی ٹیم کی قیادت آیوش مہاترے کر رہے ہیں، جبکہ بھارتی پلیئنگ الیون میں وائبھو سوریوانشی، آرون جارج، ویہان ملہوترا، ویدانت تریویدی، ابھیگیان کندو، کنشک چوہان، خلن پٹیل، دیپیش دیویندرن، کشن سنگھ اور ہینیل پٹیل شامل ہیں۔ بھارتی ٹیم بھی نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جو پاکستان کے خلاف سخت مقابلے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد اس میچ پر نظریں جمائے ہوئے ہے، کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے ہمیشہ غیر معمولی دلچسپی، دباؤ اور جوش و خروش کا باعث بنتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ پاکستانی ٹیم کو سازگار حالات میں فائدہ دے سکتا ہے، تاہم نتیجہ دونوں ٹیموں کی کارکردگی پر منحصر ہو گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *