یہ ٹورنامنٹ 12 سے 21 دسمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔ قومی انڈر 19 ٹیم گروپ اے میں شامل ہے، جہاں اس کا مقابلہ بھارت، کوالیفائر1 اور کوالیفائر3 سے ہوگا۔ ٹیم نے کراچی میں ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں ٹریننگ کیمپ کا آغاز کر دیا ہے۔
فہد یوسف کپتان، عثمان خان نائب کپتان
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق فہد یوسف ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ عثمان خان کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سابق قومی کپتان سرفراز احمد ٹیم منیجر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں عبدالصبحان، احمد حسین، علی حسن بلوچ، علی رضا، دانیال علی خان، حمزہ ظہور، حذیفہ احسن، مومن قمر، محمد حذیفہ، محمد سیام، محمد شیان، نقاب شفیق اور سمیر منحس شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ شیڈول اور اہم میچز
دبئی میں پاکستان 3 گروپ میچز کھیلے گا۔ ٹیم اپنا پہلا میچ 12 دسمبر کو سیونز اسٹیڈیم میں کوالیفائر 3 کے خلاف کھیلے گی۔ روایتی حریف بھارت کے خلاف انتہائی اہم میچ 14 دسمبر کو آئی سی سی اکیڈمی میں شیڈول ہے۔
گروپ کا آخری میچ 16 دسمبر کو کوالیفائر 1 کے خلاف ہوگا۔ سیمی فائنل 19 دسمبر کو کھیلا جائے گا، جبکہ فائنل 21 دسمبر کو ہوگا۔
کراچی میں ٹریننگ کا آغاز
دبئی روانگی سے قبل پاکستان انڈر 19 اسکواڈ نے کراچی میں کیمپ لگا لیا ہے۔ کوچز اور ٹیم مینجمنٹ حکمت عملی اور کمبینیشنز کو حتمی شکل دیں گے، خاص طور پر بھارت کے خلاف بڑے مقابلے اور ناک آؤٹ مرحلے کی تیاریوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ٹیم ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد دبئی کے لیے روانہ ہوگی۔