پاکستانیوں کے لئے یورپ کے دروازے کھل گئے

پاکستانیوں کے لئے یورپ کے دروازے کھل گئے

وزارت اوورسیز پاکستانیز کی مسلسل اور مؤثر کوششوں کے نتیجے میں پاکستانی ورکرز کے لیے یورپ کے دروازے کھل گئے ہیں اور اٹلی میں روزگار کے نئے مواقع میسر آ گئے ہیں۔ اس پیش رفت کو پاکستانی محنت کشوں کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ طویل عرصے بعد یورپی ملک میں بڑی تعداد میں پاکستانیوں کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اس حوالے سے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت اوورسیز پاکستانیز کی کاوشوں کے بعد اٹلی نے پاکستان کے لیے آئندہ تین سال کے دوران مجموعی طور پر ساڑھے 10 ہزار نوکریوں کا کوٹہ مختص کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستانی ورکرز کے لیے خوش آئند ہے اور اس سے اٹلی میں پاکستانی افرادی قوت کی شمولیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

ترجمان وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق اگلے تین برسوں کے دوران ہر سال 3,500 پاکستانی ورک ویزا پر اٹلی جائیں گے۔ اس سالانہ کوٹے میں 1,500 پاکستانی ورکرز سیزنل کوٹے کے تحت جبکہ 2,000 ورکرز غیر سیزنل کوٹے کے تحت اٹلی میں روزگار حاصل کریں گے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ کوٹہ مختلف شعبوں کے لیے مختص کیا گیا ہے تاکہ مختلف مہارتوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ورکرز ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نیول اکیڈمی میں شارٹ سروس کمیشن کورس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ، ملکی اور غیرملکی کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا گیا

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں فراہم کی جانے والی یہ ملازمتیں شپ بریکنگ، ہاسپیٹیلیٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت جیسے اہم شعبوں پر مشتمل ہیں۔ ماہر ہنرمند اور نیم ہنرمند پاکستانی ورکرز کو ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور کاشتکاری کے شعبوں میں کام کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ یہ اقدام پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹلی میں ملازمتوں کے یہ مواقع نہ صرف پاکستانی ورکرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ ملک کے لیے ترسیلات زر میں اضافے کا باعث بھی بنیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *