سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اظہار افسوس

سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اظہار افسوس

 چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مرحومہ کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحومہ کے اہل خانہ اور تمام سوگواران کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور مرحومہ کے درجات بلند کرے۔  انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے معاشی میدان میں پاکستان کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔

سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ممتاز ماہرِ معیشت ڈاکٹر شمشاد اختر آج بروز ہفتہ انتقال کر گئیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحومہ کی نمازِ جنازہ کل ظہر کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی، جس کے بعد تدفین عمل میں لائی جائے گی۔ ڈاکٹر شمشاد اختر پاکستان کی مالیاتی تاریخ میں ایک نمایاں نام تھیں۔ وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پہلی خاتون گورنر تھیں اور 2006 سے 2009 تک اس منصب پر فائز رہیں۔

ان کے دورِ قیادت میں مالیاتی نظم و ضبط کے فروغ، بینکاری اصلاحات، افراطِ زر پر قابو پانے اور مالیاتی نظام کے استحکام کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے گئے، جنہیں پالیسی حلقوں میں سراہا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسجد نبویؐ کے مؤذن شیخ فیصل نعمان انتقال کر گئے

اسٹیٹ بینک کے علاوہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ مزید برآں عالمی سطح پر وہ ترقی پذیر ممالک کی معیشت، غربت میں کمی، مالی شمولیت اور پائیدار ترقی سے متعلق پالیسی سازی میں سرگرم رہیں۔ اقوام متحدہ سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں میں ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا۔

ڈاکٹر شمشاد اختر نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر خواتین کے لیے ایک مثال سمجھی جاتی تھیں۔ معاشیات اور پبلک پالیسی کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں مختلف قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

ان کے انتقال پر سیاسی، معاشی اور سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی اصلاحاتی کاوشیں اور خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔

Related Articles