پاکستان نیول اکیڈمی میں شارٹ سروس کمیشن کورس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ، ملکی اور غیرملکی کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا گیا

پاکستان نیول اکیڈمی میں شارٹ سروس کمیشن کورس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ، ملکی اور غیرملکی کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا گیا

پاکستان نیول اکیڈمی میں 124 ویں مڈشپ مین اور 32 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے مستقبل کے افسران نے اعلیٰ نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور عسکری تربیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

اس اہم تقریب کے مہمان خصوصی رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر ‘ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی’ تھے، جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ‘ایڈمرل نوید اشرف’ نے مہمان خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ کے سربراہ سے کمانڈر رائل نیوی آف عمان کی ملاقات،باہمی تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پریڈ کے دوران کیڈٹس نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو سلامی دی، جبکہ بحرین کے ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس کی پیشہ ورانہ تربیت کو سراہا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازات اور انعامات سے نوازا۔

پاکستان سے آفیسر کیڈٹ عمر مختار کو چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل دیا گیا، جبکہ عراق سے تعلق رکھنے والے آفیسر کیڈٹ الذھبی فہد حسام فرید کو بھی چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ مڈشپ مین شہاب احمد کو اکیڈمی ڈرک دی گئی، جبکہ مڈشپ مین محمد عزیر عباس کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی  کموڈور ضیا الرحمان نے کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی ایک قابل فخر ادارہ ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ دوست ممالک کے کیڈٹس کو بھی اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہا ہے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل محمد احمد ابراہیم آل بن علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروقار تقریب میں مدعو کرنے پر وہ پاک بحریہ کے سربراہ کے شکر گزار ہیں، پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں اور دونوں ممالک اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی پاکستان نیول اکیڈمی کے فارغ التحصیل ہیں اور یہ ادارہ کیڈٹس کے لیے امکانات کی ایک وسیع دنیا فراہم کرتا ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان نیوی نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا،چوتھی آبدوز’غازی‘ کی چین میں رونمائی

ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے مزید کہا کہ کیڈٹس اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے ملک و قوم کی خدمت کریں، بحرین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان نیول اکیڈمی کی جانب سے دیگر ممالک کے کیڈٹس کو تربیت فراہم کرنا قابل فخر امر ہے، پاک بحرین دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔

آخر میں پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس سے حلف لیا گیا، جس کے بعد پریڈ قومی اور عسکری روایات کے مطابق اختتام پذیر ہوئی۔

Related Articles