ایس آئی ایف سی کی پالیسی اصلاحات کے مثبت نتائج، معیشت درست سمت گامزن ہوگئی

ایس آئی ایف سی کی پالیسی اصلاحات کے مثبت نتائج، معیشت درست سمت گامزن ہوگئی

پاکستان کی معیشت نے حالیہ برسوں میں ایک مثبت اور مستحکم رخ اختیار کر لیا ہے اور صنعتی، زرعی سمیت دیگر اہم شعبوں میں شاندار پیش رفت کے ذریعے اقتصادی ترقی کا روشن سفر جاری ہے۔ اس بہتری کو ایس آئی ایف سی کی اسٹریٹجک پالیسی اصلاحات کے خوش آئند ثمرات قرار دیا جا رہا ہے، جن کے باعث پاکستانی معیشت نہ صرف استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے بلکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

معاشی اشاریوں کے مطابق پاکستانی معیشت گزشتہ سال کے مقابلے میں واضح بہتری اور ترقی کا ثبوت پیش کر چکی ہے۔ زرعی، صنعتی اور خدماتی شعبوں میں بہتر شرح نمو کے باعث ملکی اقتصادی استحکام میں اضافہ ہوا ہے، جس سے قومی معیشت میں نئی توانائی اور اعتماد کی فضا قائم ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی معیشت کیلئے اچھی خبر،ایشیائی ترقیاتی بینک ریکوڈک منصوبے کیلئے 41 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا

اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران مجموعی قومی پیداوار، جی ڈی پی، میں 3.71 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گزشتہ سال کے 1.56 فیصد کے مقابلے میں 2.15 فیصد زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ ملکی معیشت میں حوصلہ افزا پیش رفت اور درست معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے مطابق رواں مالی سال صنعتی شعبے میں 9.38 فیصد کی شاندار شرح نمو ریکارڈ کی گئی ہے، جو گزشتہ سال کی محض 0.12 فیصد ترقی کے مقابلے میں ایک نمایاں معاشی عروج کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی سرگرمیوں میں تیزی روزگار کے مواقع اور برآمدات میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔

زرعی شعبے میں 2.89 فیصد شرح نمو جبکہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں 6.29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ملکی معیشت کی مستحکم اور متوازن ترقی کی ضمانت ہے۔ زرعی شعبے میں نمایاں ترقی سے پیداواری استحکام، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور غذائی تحفظ کو تقویت ملی ہے، جو مستقبل کی معیشت کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر رہا ہے۔

مینوفیکچرنگ سیکٹر میں 5.78 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جبکہ آٹوموبائل شعبے میں 84.6 فیصد اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 40.7 فیصد شاندار نمو ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ صنعتی بحالی اور صارفین کے اعتماد میں بہتری کی واضح مثال ہے۔

مزید پڑھیں:ایس آئی ایف سی کے تعاون سے قومی بلڈ ٹرانسفیوژن پالیسی کے نفاذ کا تاریخی اقدام

مالی اور انشورنس شعبے میں 10.36 فیصد شرح نمو کے ساتھ گزشتہ سال کے منفی اثرات سے شاندار بحالی دیکھنے میں آئی۔ اسی طرح تعمیراتی شعبے، تعلیم، صحت، پبلک ایڈمنسٹریشن اور جنگلات کے شعبے میں بھی خاطر خواہ ترقی ریکارڈ کی گئی، جو معیشت کے مستحکم اور متوازن رجحان کا ثبوت ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مستحکم معیشت اور متوازن شرح نمو ملک کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے مزید پرکشش بنا رہی ہے۔ اہم شعبوں میں مسلسل مثبت کارکردگی کے نتیجے میں پاکستان نہ صرف اقتصادی استحکام حاصل کر رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر اعتماد اور پذیرائی بھی حاصل ہو رہی ہے۔

ایس آئی ایف سی کی دوراندیش، بصیرت افروز اور نتیجہ خیز حکمتِ عملی کو ماہرین پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت قرار دے رہے ہیں، جس کے تحت ملکی معیشت کو طویل المدتی استحکام اور ترقی کی نئی جہت مل رہی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *