ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور انفورسمنٹ کو مؤثر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس نے ایک جامع ‘ون ایپ’ تیار کر لی ہے، جس کے ذریعے چالان، ٹوکن ٹیکس، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، تجاوزات اور دیگر مختلف آپریشنز انجام دیے جا سکیں گے۔ اس ایپ کا مقصد ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ اور ڈیٹا شیئرنگ کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹریفک نظام میں انقلابی اقدام، پنجاب میں اے آئی بیسڈ ڈرائیونگ ٹیسٹ گاڑی تیار
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر نے بتایا کہ اس ون ایپ کا پائلٹ پراجیکٹ ضلع قصور میں کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد اسے کل سے لاہور میں باقاعدہ طور پر آپریشنل کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی نتائج حوصلہ افزا رہے ہیں اور اس ایپ نے فیلڈ میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے۔
وقاص نذیر کے مطابق ون ایپ کے ذریعے گاڑیوں کا مکمل ڈیٹا، ای چالاننگ، ٹوکن ٹیکس کی تفصیلات، سی آر او ریکارڈ، پی ایچ پی ورکنگ اور تجاوزات کی نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک اہلکار صرف گاڑی کا نمبر درج کریں گے اور چند لمحوں میں گاڑی کی ملکیت، سابقہ چالان، ٹوکن ٹیکس کی صورتحال اور دیگر تمام متعلقہ معلومات اسکرین پر سامنے آ جائیں گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ لاہور میں کامیاب نفاذ کے بعد ہر روز پنجاب کے ایک ضلع میں اس ون ایپ کو لانچ کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں پورے صوبے میں ایک مربوط اور یکساں ٹریفک انفورسمنٹ نظام قائم ہو سکے گا۔ ان کے مطابق ون ایپ کے مکمل لانچ ہونے کے بعد تمام متعلقہ اداروں کے درمیان ڈیٹا انٹیگریشن ممکن ہو جائے گی، جس سے قانون پر عملدرآمد مزید مؤثر ہوگا۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد ٹریفک پولیس کا اہم سینٹر پر ڈرائیونگ لائسنس سروسز معطل کرنے کا اعلان
وقاص نذیر نے مزید کہا کہ ون ایپ کا بنیادی مقصد نہ صرف پنجاب بھر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہے بلکہ مختلف اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو بھی مضبوط کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو سہولت ملے گی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی بروقت نشاندہی اور کارروائی ممکن ہو سکے گی۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق ون ایپ کے نفاذ سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے بہتر سروس فراہم کی جا سکے گی، جو ایک جدید اور محفوظ ٹریفک نظام کی جانب اہم قدم ہے۔

