رمضان پیکج2026،عوام کو نقد رقم دینے سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا گیا

رمضان پیکج2026،عوام کو نقد رقم دینے سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا گیا

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئندہ ماہِ رمضان المبارک کے لیے ایک ایسا ریلیف پیکیج تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے جو نہ صرف زیادہ مؤثر ہو بلکہ حقیقی معنوں میں مستحق اور غریب عوام کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہو۔اس سلسلے میں وزیراعظم کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں گزشتہ سال کے رمضان پیکیج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن اورآئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس کے رمضان ریلیف پیکیج میں کسی قسم کی مالی بدعنوانی یا انتظامی کوتاہی سامنے نہیں آئی ایک عالمی شہرت یافتہ مستند آڈٹ فرم کی رپورٹ کے مطابق یہ پیکیج شفاف، منظم اور مؤثر انداز میں نافذ کیا گیا، جس سے مستحقین کو براہِ راست فائدہ پہنچا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آڈٹ رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے غریب عوام کے لیے ایک ایسا شفاف نظام متعارف کروایا جو دہائیوں سے جاری بدعنوانی پر مبنی طریقہ کار کا متبادل ثابت ہوا۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف کا رمضان پیکیج یوٹیلیٹی اسٹورز کے بغیر لانے کا اعلان

وزیراعظم نے خاص طور پر اس بات پراطمینان کا اظہار کیا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے سبسڈی کے پرانے اور متنازع نظام کو ختم کر کے براہِ راست مالی امداد کا طریقہ اپنایا گیا، جس سے نہ صرف وسائل کا ضیاع کم ہوا بلکہ مستحق افراد کی عزتِ نفس بھی محفوظ رہی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ رمضان پیکیج کے تحت امدادی رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جائیں تاکہ کیش لیس معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس عمل میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو شامل کیا جائے گا جبکہ ایک جدید ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے امدادی رقوم کی تقسیم اور نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :پنجاب حکومت کا لاکھوں خاندانوں کو ’نگہبان رمضان پیکیج‘ دینے کا فیصلہ

وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ رمضان پیکیج کے لیے اپنی جامع سفارشات پیش کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو اس میں شامل کیا جا سکے،اجلاس میں بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سوشل پروٹیکشن والٹ متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے مارچ 2026 سے تمام امدادی رقوم مکمل طور پر ڈیجیٹل انداز میں فراہم کی جائیں گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *