آٹے کی مارکیٹ میں ایک بار پھر قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
پشاور کے آٹا ڈیلرز کے مطابق مکس آٹے کے 20 کلوگرام تھیلے کی قیمت 3,200 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ فائن آٹے کا 20 کلوگرام تھیلا 3,300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جو پچھلے ریٹ سے کافی زیادہ ہے۔
آٹا ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں سپلائی محدود ہونے کی وجہ سے آٹے کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتیں بڑھ رہی ہیں، شہریوں کے مطابق، یہ مہنگائی روزمرہ کے بجٹ پر برا اثر ڈال رہی ہے اور گھریلو اخراجات میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔
دوسری جانب لاہور سمیت صوبہ پنجاب بھر میں گندم کے ریٹس میں 700روپے کا اضافہ ہو گیا ، دس روز کے دوران فی من گندم کی قیمت 3,700روپے سے بڑھ کر 4,400 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ، راولپنڈی میں گندم کا فی من ریٹ 4,800روپے تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں گندم کا فی من ریٹ 4,450روپے ہو گیا جبکہ لاہور کے متعدد علاقوں میں سرکاری 10اور 20کلو آٹے کا تھیلا نایاب ہے، 15 کلو آٹے کا تھیلا 15 سو روپے سے بڑھ 17سو 50 روپے میں فروخت ہونے لگا
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سپلائی کا سلسلہ معمول پر نہ آیا تو قیمتوں میں مزید اضافہ ممکن ہے، شہری حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے اور روزمرہ کی ضروریات مہنگائی کے باعث متاثر نہ ہوں۔
اس اضافے کے بعد مارکیٹ میں آٹا خریدنے والے صارفین کی تعداد کم ہو گئی ہے ، حکومت اور متعلقہ ادارے اس مسئلے پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔