شاہد آفریدی نے کراچی چھوڑ دیا، وجہ کیا بنی؟

شاہد آفریدی نے کراچی چھوڑ دیا، وجہ کیا بنی؟

پاکستان کرکٹ کے مایہ ناز آل راؤنڈر اور سابق کپتان شاہد آفریدی کراچی چھوڑ کر مستقل بنیادوں پر اسلام آباد منتقل ہوگئے۔

اسلام آباد میں اپنی نئی رہائش گاہ پر مقامی روزنامے کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے تصدیق کی کہ وہ چند ذاتی وجوہات کی بنا پر کراچی سے اسلام آباد منتقل ہوئے ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر اور طویل غور و فکر کے بعد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ون ڈےکرکٹ : شاہد آفریدی کا سب سے زیادہ چھکے مارنےکا ورلڈ ریکارڈ ٹوٹ گیا

شاہد آفریدی نے گفتگو کے دوران کہا کہ وہ پاکستان کو ایک تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک دیکھنا چاہتے ہیں مگر اس مقصد کے حصول کے لیے سب سے بنیادی اور اہم عنصر تسلسل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسیوں میں بار بار تبدیلیاں اور اداروں میں عدم استحکام ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان اور پاکستان کرکٹ نے انہیں دنیا بھر میں عزت، مقام اور شناخت دی، اب خواہش ہے کہ وہ اپنے تجربے اور اثر و رسوخ کے ذریعے پاکستان کرکٹ اور ملک کے لیے کچھ واپس لوٹا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں اور نہ ہی وہ کسی سیاسی جماعت کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنی آئینی مدت مکمل کرنی چاہیے اور چیف جسٹس، آرمی چیف سمیت تمام اہم آئینی عہدوں پر فائز شخصیات کو بھی اپنی اپنی آئینی مدت پوری کرنے دی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق جب ریاستی ادارے اپنی مدت مکمل کرتے ہیں تو پالیسیوں میں تسلسل آتا ہے اور اسی تسلسل کے نتیجے میں ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچتے ہیں۔

مزید پڑھیں:شاہد آفریدی ، ثنا میر سمیت کئی کھلاڑیوں کیلئے سول اعزازات کا اعلان

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ماضی میں انہیں اہم حکومتی عہدوں کی پیشکش کی گئی، تاہم انہوں نے ہمیشہ ایسی ذمہ داریوں سے گریز کیا۔ شاہد آفریدی کے مطابق محض رسمی عہدے ان کے لیے کوئی کشش نہیں رکھتے اور وہ صرف ایسی ذمہ داری قبول کرنا چاہتے ہیں جس کے ذریعے حقیقی اور مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ جمہوری عمل میں تسلسل، مضبوط ادارے اور آئینی حدود کی پاسداری ہی کسی بھی ملک کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ریاستی ادارے مستحکم ہوں گے تو پالیسیاں برقرار رہیں گی اور اس کا فائدہ براہ راست عوام کو ملے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *