پاکستان سپر لیگ، پی ایس ایل 11، کے پلیئرز آکشن سے قبل لوکل کھلاڑیوں کی ممکنہ نئی کیٹگریز کی فہرست سامنے آ گئی ہے جس میں متعدد نمایاں کھلاڑیوں کی کیٹگریز میں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فہرست آکشن سے قبل فرنچائزز کے لیے نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے کیونکہ اس سے ٹیموں کی ریٹینشن اور حکمت عملی براہ راست متاثر ہو سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے اہم کھلاڑی شاداب خان، عماد وسیم اور نسیم شاہ کو نئی کیٹگریز میں بھی پلاٹینم میں برقرار رکھا گیا ہے، جو ان کی مسلسل اچھی کارکردگی اور ٹیم کے لیے اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی ٹیم کے صاحبزادہ فرحان کو گولڈ کیٹگری میں رکھا گیا ہے جبکہ سلمان علی آغا اور محمد نواز کو ڈائمنڈ سے ترقی دے کر پلاٹینم کیٹگری میں شامل کر لیا گیا ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی کیٹگری میں تنزلی دیکھنے میں آئی ہے اور وہ ڈائمنڈ سے گولڈ میں آ گئے ہیں، کراچی کنگز کے حسن علی کو ڈائمنڈ سے ترقی دے کر پلاٹینم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ عباس آفریدی پلاٹینم سے ڈائمنڈ کیٹگری میں چلے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق خوشدل شاہ اور عامر جمال ڈائمنڈ سے گولڈ میں آ گئے ہیں جبکہ عرفات منہاس کو گولڈ سے سلور کیٹگری میں منتقل کر دیا گیا ہے، دوسری جانب شان مسعود کو ڈائمنڈ کیٹگری میں برقرار رکھا گیا ہے۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان اور حارث رؤف بدستور پلاٹینم کیٹگری میں برقرار ہیں جو فرنچائز کے لیے ایک بڑی تقویت سمجھی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلمان مرزا کو گولڈ سے ڈائمنڈ جبکہ محمد نعیم کو ایمرجنگ سے سلور کیٹگری میں منتقل کیا گیا ہے۔ پشاور زلمی کے بابر اعظم اور صائم ایوب پلاٹینم میں برقرار ہیں جبکہ محمد حارث اور محمد علی ڈائمنڈ سے گولڈ میں چلے گئے ہیں۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان بدستور پلاٹینم کیٹگری میں موجود ہیں، تاہم اسامہ میر اور افتخار احمد پلاٹینم سے ڈائمنڈ میں آ گئے ہیں۔ فاسٹ بولر محمد حسنین کو ڈائمنڈ سے گولڈ میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ عاکف جاوید کو سلور سے ترقی دے کر گولڈ کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حوالے سے میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فہیم اشرف اور محمد عامر پلاٹینم کیٹگری میں برقرار ہیں، جبکہ اسپنر ابرار احمد کو ڈائمنڈ سے ترقی دے کر پلاٹینم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وسیم جونیئر کو گولڈ سے ڈائمنڈ، عثمان طارق کو سلور سے ڈائمنڈ میں ترقی دی گئی ہے، جبکہ خواجہ نافع کو سلور اور حسن نواز کو ایمرجنگ سے گولڈ کیٹگری میں منتقل کیا گیا ہے۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق ان ممکنہ کیٹگری تبدیلیوں سے پی ایس ایل 11 کے آکشن میں خاصی گہما گہمی متوقع ہے اور فرنچائزز کو اپنی ٹیموں کی تشکیل کے لیے نئے سرے سے منصوبہ بندی کرنا پڑے گی، جبکہ حتمی فہرست کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آکشن سے قبل کیے جانے کا امکان ہے۔