بابر اعظم اور اسٹیو اسمتھ تنازع سے متعلق موئیسس ہنریکس کا اہم انکشاف

بابر اعظم اور اسٹیو اسمتھ تنازع سے متعلق موئیسس ہنریکس کا اہم انکشاف

سڈنی سکسز کے کپتان موئیسس ہنریکس نے انکشاف کیا ہے کہ سابق پاکستانی کپتان بابر اعظم کو بگ بیش لیگ کے دوران آسٹریلوی اسٹار اسٹیو اسمتھ کے ساتھ پیش آنے والی آن فیلڈ غلط فہمی کے بعد خود کو سنبھالنے میں چند دن لگے۔

یہ واقعہ 16 جنوری کو برسبین ہیٹ کے خلاف سکسز کے لازمی جیت والے میچ میں پیش آیا۔ 11ویں اوور کی آخری گیند پر بابر اعظم نے ایک رن کے لیے آواز لگائی، تاہم اسٹیو اسمتھ نے دوڑنے سے انکار کر دیا تاکہ پاور سرج کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ اگلے ہی اوور میں اسمتھ نے ریکارڈ 32 رنز بنا دیے، جن میں 4 لگاتار چھکے شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں:ایسا کیا تو سیدھا جیل جاؤ گے، سوشل میڈیا صارفین کے لیے اہم خبرآگئی

اگلے اوور میں بابر اعظم آؤٹ ہو گئے اور پویلین واپس جاتے ہوئے انہوں نے غصے میں اپنا بیٹ باؤنڈری کشن پر مار کر مایوسی کا اظہار کیا۔ وہ میچ کے بقیہ حصے میں ڈریسنگ روم میں ہی رہے اور دوبارہ میدان میں واپس نہیں آئے۔

پرتھ اسکارچرز کے خلاف کوالیفائر سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ہنریکس نے کہا کہ اس معاملے کو حل ہونے میں وقت لگا۔ انہوں نے فاکس کرکٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اسے ٹھیک ہونے میں 2 دن لگے۔ یہ ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے میں غلط فہمی تھی‘۔

ہنریکس کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ میں اس طرح کے فیصلے عام ہیں، تاہم بابر اعظم کے لیے ابتدا میں اس صورتحال کو سمجھنا مشکل تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جب اسے وضاحت کر دی گئی تو وہ ٹھیک ہو گئے۔ اب دونوں کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے‘۔ ہنریکس اور سکسز کے ہیڈ کوچ گریگ شپّرڈ نے بھی بابر اعظم سے بات کی تاکہ وہ اس واقعے سے آگے بڑھ سکیں۔

مزید پڑھیں:آسٹریلیا بگ بیش لیگ میں بابراعظم اور محمد رضوان کا الگ ہی ریکارڈ، اصل روپ سامنے آگیا

ہنریکس نے کہاکہ ’ہم دیکھ سکتے تھے کہ وہ میدان میں پیش آنے والے واقعے سے پریشان تھے، اس لیے ہمیں یہ سمجھنا ضروری تھا کہ وہ ایسا کیوں محسوس کر رہے ہیں۔ جب ہم نے یہ جان لیا تو سب کچھ ٹھیک ہو گیا‘۔

بابر اعظم کے لیے یہ بگ بیش لیگ سیزن خاصا مشکل رہا، جہاں انہوں نے 11 میچوں میں 202 رنز بنائے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 103.06 رہا۔ کوالیفائر میں بھی ان کی مشکلات جاری رہیں، جہاں وہ پرتھ اسکارچرز کے خلاف 148 رنز کے تعاقب میں 2 گیندوں پر صفر پر آؤٹ ہو گئے۔

Related Articles